کورونا وائرس، لاک ڈاؤن، ڈاکٹر طاہرالقادری 24 مارچ کو تجاویز دینگے

مورخہ: 24 مارچ 2020ء

COVID-19: Dr Tahir-ul-Qadri to give recommendations tomorrow

قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 24 مارچ کو کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے موضوع پر خصوصی گفتگو کریں گے اور حکومت کو تجاویز دیں گے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزراء، وزارت صحت کے ذمہ داران، افسران، علمائے کرام، اینکر پرسن، کالم نویس ہر طبقہ، ہر فیملی اور ہر فرد یہ گفتگو ضرور سنے، انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ کئی روز سے کورونا وائرس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا مشاہدہ کرتا رہا ہوں، تجاویز کی صورت میں اپنے مشاہدے سے آگاہ کرنا قومی، دینی، ملی فریضہ سمجھتا ہوں، انہوں نے کہا کہ سخت اور فوری اقدامات اٹھانے میں تاخیر کا خمیازہ قوم اور نسلیں بھگتیں گی، یہ وقت ڈرنے یا ڈرانے کا نہیں بروقت اقدامات اٹھانے کا ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور اس کا شعور اجاگر کرنا پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، انہوں نے سوشل میڈیا ایکٹویسٹ سے بھی کہا کہ قوم کو مایوس نہیں مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، یہ آفت سر پر آ پہنچی ہے، اب اس سے بچنے کیلئے ہر ممکن چارہ جوئی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے بہترین حکمت عملی اختیار کر کے وباء پر قابو پا لیا، اٹلی کے عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کر کے بہت بڑی تباہی کو اپنے ہاتھوں سے اپنے اوپر مسلط کر لیا، انہوں نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں پوری انسانیت کے لیے دعا گو ہیں اللہ تعالیٰ اپنا فضل فرمائے اور انسانیت اس وباء سے نجات حاصل کرے، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کورونا وائرس کے متاثرہ شہریوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اسامہ کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی بے مثال انسانی خدمت کو ینگ ڈاکٹرز کیلئے رول ماڈل قرار دیا۔ انہوں نے کڑے وقت میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز کو قوم کا محسن قرار دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہی جذبہ قوموں کو بحرانوں اور آزمائشوں میں سرخرو کرتا ہے۔

تبصرہ

Top