جان لیوا وباء کی صورت میں نماز گھر میں ادا ہو سکتی ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 26 مارچ 2020ء

آپ ﷺنے شدید بارش کے موقع پر نماز گھر میں ادا کرنے کے الفاظ اذان میں شامل کروائے
امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کا فتویٰ ہے اگر امام کے علاوہ تین مقتدی اور ہوں تو نماز جمعہ ادا ہوجاتی ہے
وبائی مرض کی صورت میں باہمی فاصلہ ایک نیزے جتنا رکھنے کا حکم ہے

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے باجماعت نماز جمعہ کی ادائیگی کے احکامات کے موضوع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وباء اور قدرتی آفت کی وجہ سے جب انسانی جان کے لیے خطرات پیدا ہو جائیں تو میل ملاپ ترک کر دینا، فاصلے رکھنا اور خود کو محصور کر لینا نبوی تعلیمات کے عین مطابق ہے، نماز گھروں میں ادا کرنے کا حکم ہے، حضور نبی اکرم ﷺ نے ایک موقع پر شدید بارش کی وجہ سے نمازیوں کو گھروں میں نماز کی ادائیگی کی تلقین کی اور اذان میں ”نماز کیلئے آؤ“ کے الفاظ کو نماز گھر اور جہاں ہو ادا کرنے کے الفاظ شامل کروائے۔ جس دین محمدی ﷺ کی تعلیمات میں نمازیوں کا کیچڑ میں لت پت ہونا یا گرنا گوارہ نہیں کیا گیا وہاں انسانی جان کے خطرے کے پیش نظر ریلیف پر مبنی رہنمائی مہیا کیسے نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ حدیث نبوی ہے کہ وباء کی صورت میں ایک دوسرے سے فاصلہ رکھو اور ایک نیزے جتنے فاصلے کا حکم دیا گیا (نیزہ 6 سے 8 فٹ ہوتا ہے)۔ انہوں نے کہا کہ طاعون کی وباء پر حدیث نبوی ﷺ ہے کہ جو جہاں ہے وہ وہیں خود کو محصور کر لے، سفر اور صحت مند لوگوں سے روابط ختم کر دے اور صبر اور توکل کے ساتھ اس تکلیف کو گوارہ کر لے، اسی میں اجر اور صحت ہے۔ یہ بھی فرمایا کہ اگر وبائی بیماری کے دوران کسی کی موت بھی واقع ہو جائے تووہ شہادت کا مرتبہ ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے حوالے سے ایک اور معتدل راستہ بھی موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ امام ابوحنیفہ رحمتہ اللہ علیہ کا فتوی ہے کہ اگر امام کے علاوہ تین مقتدی ہوں تو نماز جمعہ ادا ہو جاتی ہے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے موذن، امام کے علاوہ دو اور لوگوں کو مسجد میں جانے کی اجازت دے دی جائے تو فرض ادا ہو جائے گا اس کے لیے سپیکر میں اذان دینا بھی ضروری نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے 14 سو سال قبل انسانیت کی زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کی، حکمتوں کو دریافت کرنا ہمارا کام ہے۔ جن طبی احتیاطوں کے حوالے سے کریم آقاﷺ نے 14سو سال قبل گائیڈ لائن مہیا کی تھی آج جدید طبی سائنس اس کی ضرورت و اہمیت کو تسلیم کررہی ہے۔ اور اس کی توثیق کر رہی ہے۔

تبصرہ

Top