ڈاکٹر طاہرالقادری کی وباء سے نجات کیلئے دعا

مورخہ: 27 مارچ 2020ء

قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ نماز اللہ کی ناراضگی کو دور کرتی ہے اور صدقہ و خیرات سے بلائیں ٹلتی ہیں، انسانیت مشکل میں ہے، ذخیرہ اندوز اشیاء ذخیرہ کر کے ہلاکت نہ خریدیں، کورونا وائرس کا ایک پہلو طبی ہے جبکہ دوسرا روحانی ہے، عالمگیر وباء اللہ کی ناراضگی ہے، امت نماز کی عادت پختہ کر کے اللہ کو راضی کرے۔ برے اعمال کو اچھے اعمال میں بدلیں، نوجوان فرصت کے لمحات میں ترجمے کے ساتھ قرآن مجید پڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ مصائب بد اعمالیوں کی وجہ سے آتے ہیں اور ان سے نجات کاایک طریقہ اپنی پیشیانیوں کو اللہ کے سامنے جھکا دینے میں ہے اور ہر کلمہ گو مسلمان عہد کرے کہ وہ جھوٹ، فراڈ، دھوکہ دہی، بداخلاقی، فحاشی ترک کر دے گا، جب امت نے صدق دل سے گناہوں کی معافی مانگ لی اور آئندہ کیلئے گناہ نہ کرنے کا عہد کر لیا تو اللہ کی رحمت کا نزول شروع ہو جائے گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قرآن مجید میں سورۃ یوسف میں آیا ہے کہ فرعون نے بنی اسرائیل پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی تھی، عبادت گاہیں مسمار اور قتل و غارت گری کابازار گرم کررکھا تھا تو اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام پر وحی نازل کی کہ اپنی امت سے کہیں کہ اپنے گھروں کو مسجدیں بنا لیں اور وہیں نماز پڑھیں اورصبر کے ساتھ اللہ سے مدد طلب کریں یعنی مشکل وقت میں نماز پڑھنے اور اللہ کو یاد کرنے سے مشکلات ٹلتی ہیں اور اللہ راضی ہوتا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ جب انسانیت پر زندگی کے دروازے محدود ہو جائیں تو صاحب حیثیت اور صاحب وسائل پر یہ لازم ہو جاتا ہے کہ وہ انسانیت کی مدد کیلئے اپنے مال وقف کر دیں، ایسے حالات میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے ہلاکت کو دعوت دیتے ہیں، وہ تائب ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک بڑی تعداد آج کل دفاتر، سکولوں اور فیکٹریوں میں نہیں جارہی جن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے، انہیں فرصت کے لمحات میسر ہیں تو فرصت کے ان لمحات کو اللہ کو راضی کرنے کے لیے بروئے کار لایا جائے، جو نماز نہیں پڑھتے وہ نماز کی عادت ڈالیں اور خشوع و خضوع کے ساتھ نماز کے ذریعے اللہ سے مغرت طلب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخیرحضرات اپنے مال مستحقین اور ضرورت مندوں پر خرچ کریں، صدقہ و خیرات اور مدد کا اس سے بہتر کوئی اور موقع نہیں ہو سکتا۔

تبصرہ

Top