منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے مسلسل 5ویں روز راشن اور کھانے کی تقسیم

مرکزی سیکرٹریٹ میں 3سو خاندانوں میں 20 کلو والے آٹے کے تھیلے تقسیم کیے گئے
فیصل روڈ، ماڈل ٹاؤن، کوٹھا پنڈ سٹاپ پر مزدوروں میں کھانا تقسیم کیا گیا
اللہ سے دعا ہے وہ جلد وباء سے نجات دے:خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی
جواد حامد، حافظ غلام فرید، انجینئر ثناء اللہ نے راشن اور کھانا تقسیم کیا

Food distribution by Minhaj Welfare Foundation

لاہور (5 اپریل 2020) تحریک القرآن کے فلاحی ادارے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے مسلسل 5ویں روز لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے مزدوروں اور مستحق خاندانوں میں کھانے اور راشن کی تقسیم جاری ہے، منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کی طرف سے خرم نواز گنڈاپور، حافظ غلام فرید، انجینئر ثناء اللہ خان نے 3سو خاندانوں میں راشن اور فی خاندان 20 کلو آٹے کا تھیلا تقسیم کیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سیدامجد علی شاہ نے نارنگ منڈی میں درجنوں مستحق خاندانوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا۔ سرگودھا میں 5 سو خاندانوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا گیا۔ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن، فیصل روڈ کے مختلف سٹاپس، کوٹھا پنڈ، اکبر چوک پر سینکڑوں مزدوروں اور مستحقین میں کھانا تقسیم کیا گیا، خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سینئررہنما جواد حامد نے کھانا تقسیم کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے دعا ہے وہ جلد اس وباء سے نجات دے اور جنہیں اللہ نے مالی آسودگی بخشی ہے وہ دل کھول کر مستحقین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن کی ہدایت پر گزشتہ روز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے کراچی، ملتان، راولپنڈی، ساہیوال فیصل آباد، نارنگ منڈی، منڈی بہاؤ الدین، سرگودھا، خوشاب، رحیم یار خان، بہاولنگر، چشتیاں، ایبٹ آباد، آزاد کشمیر، واہ کینٹ، شیخوپورہ، مری، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارروال، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، ٹیکسلا، حافظ آبادمیں راشن اور پکا ہوا کھانا تقسیم کیا گیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جب تک لاک ڈاؤن ہے تب تک متاثرین کی دستیاب وسائل کے مطابق مدد کرتے رہیں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یو کے کی طرف سے برطانیہ، اٹلی، فرانس، سپین میں بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے ملکر متاثرین کی مدد کی جارہی ہے۔

تبصرہ

Top