منہاج یوتھ لیگ کے سابق چیف آرگنائزر حبیب اللہ بٹ اور سابق صدر زاہد الیاس میر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام سابق چیف آرگنائزر منہاج یوتھ لیگ، نائب صدر پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب حبیب اللہ بٹ اور سابق صدر منہاج یوتھ لیگ زاہد الیاس میر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج یوتھ لیگ اور مرحومین کے اہل خانہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے مرحومین کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں راہنماء ہر دل عزیز شخصیت اور محبتیں بانٹنے والے انسان تھے۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وفات کے بعد دونوں راہنماؤں کو جس اچھے انداز اور جن شاندار الفاظ میں یاد کیا جارہا ہے وہ قابل رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حبیب اللہ بٹ مرحوم اور زاہد الیاس میر مرحوم کی اسلام، پاکستان، منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے وابستگی ومحبت کا رشتہ زندگی کی آخری سانسوں تک قائم و دائم رہا۔ دونوں مرحومین کا شمار ان نوجوانوں میں ہوتا ہے جو اپنی دنیا آپ پیدا کرتے ہیں۔ دونوں راہنماؤں کا سفرآخرت ان کے بلند کردار کا ثبوت دے رہا تھا۔

مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر علوی نے کہا کہ دونوں مرحوم راہنماء تحریک منہاج القرآن کا قابل فخر اثاثہ تھے۔ حبیب اللہ بٹ مرحوم اور زاہد الیاس میر مرحوم نے منہاج یوتھ لیگ کے پلیٹ فارم سے ہزاروں نوجوانوں کو دین اسلام کی راہ پر لگایا۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حبیب اللہ بٹ مرحوم کے بھائی اعجاز بٹ اور دونوں بیٹوں ثناء اللہ بٹ۔ حسیب اللہ بٹ کی آواز رندھ گئی اور وہ کافی دیر تک کوئی بات نہ کرسکے۔

تعزیتی ریفرنس میں زاہد الیاس میر مرحوم کے بھائیوں شاہد الیاس میر اور ذیشان الیاس میر نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے سید الطاف شاہ گیلانی، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ، ساجد محمود بھٹی، حافظ غلام فرید، منصور قاسم اعوان، ذیشان بیگ، محسن شہزاد، نے بھی خطاب کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں بشیر خان لودھی اور طیب ضیاء بھی موجود تھے۔ آخر میں دونوں مرحومین کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top