منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قراءات و تحفیظ القرآن کے زیراہتمام فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں تقریب

مورخہ: 14 مارچ 2021ء

Dr Hussain Qadri

تحریک منہاج القرآن کے ذیلی تعلیمی ادارے ”منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قراءات و تحفیظ القرآن“ و آغوش کمپلیکس کے زیراہتمام سینئر فارغ التحصیل حفاظ طلباء کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ بچوں پر تشدد کرنے والے اساتذہ نئی نسل کو علم اور دین سے دور کررہے ہیں۔ بچوں پر تشدد ناقابل قبول ہے، جس طرح ڈاکٹرز، انجینئرز بننے والے طلباء کو جدید سائنسی خطوط پر تعلیم دی جاتی ہے اسی طرح حفاظ اور دینی مدارس میں زیرتعلیم طلباء کو تعلیم دی جانی چاہیے۔ قرآن مجید کو سینے میں محفوظ کرنا ایک بڑی سعادت ہے مگر بہترین قراءت کے لئے مسلسل تلاوت بھی ضروری ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے تحفیظ القرآن نے چار ہزار حفاظ تیار کئے جو اس وقت سول سروس، طب، انجینئرنگ، وکالت، بزنس، فورسز سمیت مختلف شعبہ جات میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے تحفیظ القرآن اور منہاج ماڈل ہائی سکول کے سابق طلباء کو اپنی مادر علمی میں آنے پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ اپنی مادر علمی سے مسلسل رابطہ رکھیں اور دینی علوم حاصل کرنے کے خواہشمند طلباء کی سرپرستی کریں۔

تقریب میں شیخ احمد مصطفی العربی المدنی، منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) محمد مبشر اقبال، منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قراءات و تحفظ القرآن کے پرنسپل محمد عباس نقشبندی، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، راجہ محمد زاہد، علی وقار قادری، راشد حمید کلیامی، حافظ شعیب طاہر، چودھری محمد یاسین پرنسپل (پاک گیریژن کالج)، چودھری ولایت قیصر ساہی، بشیر خان لودھی، ڈاکٹر محمد نواز وڑائچ، ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر ایاز نواز وڑائچ، چودھری منیر احمد بل، اسامہ ریاست چدھڑ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سال 1994ء سے 2010ء تک قرآن مجید حفظ کرنے اور ماڈل ہائی سکول میں زیر تعلیم رہنے والے طلباء اور تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد نے منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کی جن میں انجینئر حافظ فیصل اقبال، حافظ محمد حسین مہار، حافظ مظفر یاسین، حافظ محمد ادریس مہر، حافظ محمد ابوبکر، حافظ عمر فاروق چودھری، حافظ عاطف عظمت سید، حافظ محمد خلیل اکبر جتوئی، حافظ تنویر حسین بل، میاں محمد اسلم شامل ہیں۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض چودھری ریاست علی چدھڑ، حافظ محمد وقارقادری، حافظ احمد نواز قادری، حافظ کاشف منیرنے انجام دئیے۔ تقریب میں تحفیظ القرآن کے بچوں نے نغمے پیش کیے۔ سابق طالب علم حافظ سید ذیشان حسین شاہ بخاری اور حافظ ڈاکٹر ایاز نواز نے بھی خطاب کیا۔

پرنسپل محمد عباس نقشبندی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحفیظ القرآن میں زیرتعلیم بچے حفظ کے ساتھ ساتھ مڈل اور میٹرک کی تعلیم بھی حاصل کرتے ہیں اور جو بچے تعلیم جاری رکھنا چاہیں انہیں پی ایچ ڈی تک کی تعلیمی سہولیات یہاں میسر ہیں۔ کرنل (ر) مبشر اقبال نے آغوش کمپلیکس کے جملہ شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی اور شرکاء کو وزٹ کرنے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر آغوش کمپلیکس کے حوالے سے شرکائے تقریب کو ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کے لئے تقریب کو مختصر رکھا گیا۔ تمام شرکاء کو فاصلے پر بٹھایا گیا۔ تمام شرکاء ماسک پہن کر تقریب میں شریک ہوئے اور تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں کو سینی ٹائزر بھی فراہم کئے گئے۔

تبصرہ

Top