تقریب تقسیم انعامات

MQI Award distribution ceremony 2021

لاہور (4 اپریل 2021) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ قیادت سیاسی ہو یا مذہبی قوم کی کردار سازی اسکی اولین ذمہ داری ہے۔ جس نظام میں حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو جائے اس سے نجات میں ہی ملک و قوم کی خیر ہے۔ موجودہ دور کا سب سے بڑا بحران اخلاقی گراوٹ ہے۔ سچ اور جھوٹ میں تمیز ختم ہو گئی۔ اخلاقی اقدار کی جگہ حرص، ہوس اور لالچ نے لے لی ہے۔ علمائے کرام اور نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کریں۔ تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کیلئے بے مثال ادارے قائم کئے اور نوجوانوں کو تشدد، انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے بچایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تنظیمی اجلاس کے دوران ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں بیداری شعور مہم کے سلسلے میں مثالی خدمت انجام دینے والی ملک بھر کی تنظیمات یوتھ ونگ، ویمن لیگ، ایم ایس ایم کے نوجوانوں اور تنظیمی عہدیداروں کو کارکردگی ایوارڈز دیئے گئے۔ ایوارڈز چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی طرف سے دیئے گئے۔ اس موقع پر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلیٰ، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، سید الطاف حسین شاہ، نور اللہ صدیقی، سینئر نائب صدر پی اے ٹی راجہ زاہد محمود، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر موجود تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر شعبہ جات جواد حامد، شاہد لطیف، ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز، مظہر محمود علوی، چوہدری عرفان یوسف، سدرہ کرامت و دیگر عہدیداروں و رہنماؤں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دعوت دین کے فروغ کیلئے امت محمدیہ کو پیغمبرانہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ نوجوان اس عظیم مشن کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں اس جدید ذریعہ ابلاغ کے مؤثر استعمال کیلئے اس کی باقاعدہ تربیت حاصل کریں۔ بہترین فکر، انداز گفتگو اور ٹیکنیکس کے ساتھ عامۃ الناس سے مخاطب ہوں۔

تبصرہ

Top