شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری آخری عشرہ میں روزانہ آن لائن خطابات کریں گے

مورخہ: 01 مئی 2021ء

Shaykh-ul-Islam Dr Muhammad Tahir-ul-Qadri to deliver online lectures during last ten days of Ramadan

لاہور (1 مئی 2021ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں روزانہ آن لائن خطابات کریں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے روح پرور خطابات عالم اسلام بالخصوص نوجوانوں کیلئے روحانی بالیدگی کا باعث ہوتے ہیں۔ کورونا وباء کی وجہ سے اس سال بھی اجتماعی اعتکاف (شہر اعتکاف) نہیں ہو گا۔ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اہل ایمان دس دنوں کیلئے گھروں میں اعتکاف کی طرز پر نیت کر کے گوشہ نشینی اختیار کریں۔ اپنی عبادات کو پہلے سے زیادہ کر لیں، طاق راتوں کی برکات سمیٹیں اور ترجمہ کے ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کریں تاکہ قرآن مجید کا فہم حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ گھروں میں خلوت اختیار نہیں کر سکتے اور با امر مجبوری کام کاج کے سلسلے میں باہر جاتے ہیں وہ بھی احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے اختیار کریں۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جو احتیاطی تدابیر اول روز سے شروع کی گئی تھیں ان پر بدستور عمل جاری رکھیں، کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی نہ کریں، بے احتیاطی سے نقصان ہو گا۔ ہاتھوں کو دھوئیں، ماسک، گلوز کا استعمال کریں۔ ان احتیاطی امور کے حوالے سے کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کرنا چاہیے۔ اللہ رب العزت تمام مسلمانوں، پاکستانیوں اور تمام انسانوں کی حفاظت فرمائے۔ رمضان المبارک کا آخری عشرہ بہت اہمیت کا حامل ہے، اس آخری عشرے میں اہل ایمان قرب الہی حاصل کرنے کیلئے اعتکاف کرتے ہیں۔ اللہ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کا یہ بہترین ذریعہ ہے۔ آخری عشرے میں مومنین دنیا کی تمام تر مصروفیات ترک کر کے عبادت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معتکفین کورونا وبا سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔

Shaykh-ul-Islam Dr Muhammad Tahir-ul-Qadri to deliver online lectures during last ten days of Ramadan

تبصرہ

Top