حج مساوات انسانی کا عظیم مظہر ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حج بیت اللہ کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حج مساوات انسانی کا عظیم مظہر ہے۔ مناسک حج کی ادائیگی کرتے ہوئے کوئی گورا، کالا، امیر، غریب، چھوٹا، بڑا نہیں ہوتا سب اللہ کے حضور عجز و انکساری کے ساتھ سربسجود ہوتے ہیں اور رحمت کے طلب گار بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کی تعلیمات اللہ سے ڈرنا، تقویٰ و طہارت اختیار کرنا اور مضبوط ارادے کے ساتھ شیطانی وسوسوں سے بچنے کی کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفسانی خواہشات کو رد کر کے شیطان کے حیلوں کو ناکام بنائیں۔ اللہ سے ہر وقت ایمان کی حلاوت اور دولت کی توفیق کی دعاکرتے رہنا چاہیے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مناسک حج اللہ کی تعظیم اور محبوبان الٰہی کی یاد میں عشق و محبت کے والہانہ پن سے عبارت ہیں۔ مناسک حج کے ذریعے اہل ایمان کو عجز و انکساری اختیار کر کے اللہ سے گڑگڑا کر گناہوں کی معافی مانگنے اور خود کو اللہ کی رحمتوں کا مستحق ٹھہرانے کی توفیق ملتی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ مناسک حج تقویٰ وطہارت اور ایمان کے استحکام کی علامت ہونے کے ساتھ ساتھ شرق تاغرب، شمال تا جنوب اتحاد امت و اسلامی تہذیب و ثقافت اور اخوت کا شاندار اظہار بھی ہیں۔ حج اتحاد و یگانگت اورامت واحدہ کی عملی تصویر ہے۔ حج اتحاد امت اور ہر طرح کے تفرقہ کے خاتمے اور مساوات انسانی کا عظیم پیغام ہے۔ شعائر دین کی تعظیم و تکریم درحقیقت توحید باری تعالیٰ کا قلبی اعتراف ہے۔

تبصرہ

Top