ظالم کا ساتھ نہ دینا حسینیت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 18 اگست 2021ء

امام عالی مقام نے بتایا دین اقتدار پرستوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا
نوجوان پاکیزہ اخلاق والی زندگی کیلئے سیرت حسین علیہ السلام کا مطالعہ کریں
نواسہ رسول ﷺ کی عظیم قربانی کا تذکرہ ایمان کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے
واقعہ کربلا کرہ ارض پر سب سے بڑا کربناک سانحہ ہے، بیان

لاہور (18 اگست 2021) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ظالم اور فاسق و فاجر کا ساتھ نہ دینا حسینیت ہے۔ امام عالی مقام نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے قیامت تک کیلئے یہ اصول مقرر کر دیا کہ شعائر دین اقتدار پرستوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے جا سکتے۔ نواسہ رسول ﷺ کی عظیم قربانی کا تذکرہ ایمان کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اہل ایمان کیلئے واقعہ کربلا کرہ ارض کا سب سے بڑا کربناک سانحہ ہے۔ شہادت امام حسین علیہ السلام کی انفرادیت کسی اور قربانی میں نظر نہیں آتی یہی وجہ ہے کہ واقعہ کربلا کے تذکرہ پر غیر مسلموں کی آنکھیں بھی تر ہو جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ بدبخت ہیں جن کی آنکھوں میں مصائب اہل بیت کے ذکر پر آنسو نہیں آتے اور وہ تاویلیں ڈھونڈتے نظر آتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کسی ایک طبقہ فکر اور مسلک کے امام نہیں ہیں حضرت امام حسین علیہ السلام سب کے امام ہیں۔ وہ دین مصطفیٰ ﷺ کے وارث اور شریعت محمدی کے شارح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکیزہ اخلاق اور ایمان والی زندگی کیلئے سیرت حسین علیہ السلام کا مطالعہ کریں۔ نواسہ رسول ﷺ کے ساتھ اظہار عقیدت کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کسی ظالم کا ساتھ نہ دیا جائے اور کسی مظلوم کی بد دعا نہ لی جائے۔

تبصرہ

Top