پیغام امام حسین علیہ السلام اور اتحاد امت کانفرنس

مورخہ: 18 اگست 2021ء

Hussianiyat is not supporting the oppressor: Dr Tahir-ul-Qadri

لاہور (19 اگست 2021) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام منعقدہ ’’پیغام امام حسین علیہ السلام اور اتحاد امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کے 5 نفوس قدسیہ کا ذکر قرآن مجید میں موجود ہے، حضور نبی اکرم ﷺ دعا فرماتے تھے یااللہ میرے اہل بیت کو ہر قسم کی معصیت سے پاک کر دے، اور سیدنا علی و فاطمہ اور حسنین کریمین علیہم السلام کی طرف اشارہ کر کے فرماتے کہ اے اللہ یہ میرے اہلبیت ہیں۔ یہی نفوسِ قدسیہ پنجتن پاک کہلاتے ہیں۔

شیخ الاسلام نے امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مفتی محمد مبشر نظامی، مولانا عبدالستار نیازی، علامہ محمد جعفر شمسی، مفتی محمد مبشر نظامی کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن آپ کا گھر اور اتحاد امت کی عالمگیر کاوشوں کا مرکز ہے۔

سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں منہاج القرآن سے اتحاد امت کی خوشبو آتی ہے، اس مرکز پر گلشن رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پھولوں علی و فاطمہ حسن و حسینؑ کی مہک اور صحابہ کرامؓ سے محبت و مودت کا جذبہ موجزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لیے ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے آباد کیے ہوئے اس علم و تحقیق کے مرکز میں آتے رہتے ہیں اور ان شاءاللہ تعالیٰ جب تک یہ سانس ہے آتے رہیں گے۔اللہ تعالیٰ اس مرکز کو تاقیامت آباد رکھے اور اس کے بانی کو عمر خضر عطا فرمائے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اللہ کی بخشی ہوئی توفیق کے مطابق اسلام کی امن اور محبت والی خوشبو کو عام کر رہے ہیں۔منہاج القرآن قرآن کے راستے پر ہے یہ راستہ صراط مستقیم اور نجات والا ہے انھوں نے کہا یزید نے اسلامی شعار کی بجائے اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کے لیے ظلم و جبر کا بازار گرم کیا اور امام عالی مقام نے تاریخ عالم کی عظیم قربانی دے کر یزیدی طرز حکومت اور بدترین ملوکیت کو مسترد کر دیا، قیامت تک آنے والے مسلمان اس قربانی کا تذکرہ کرتے اور خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے علماء کرام اور کانفرنس میں شریک مختلف مکاتبِ فکر کے افراد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ آج اس نواسۂ رسول کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت ہیش کرنے اور ذکر اہل بیت اطہار علیہم السلام کیلئے جمع ہیں جن کے بارے میں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے حسن و حسین سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے انہیں ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔

کانفرنس سے علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مفتی محمد مبشر نظامی، مولانا عبدالستار نیازی، علامہ محمد جعفر شمسی، مفتی محمد مبشر نظامی، صدر نظام المدارس پاکستان علامہ مفتی امداد اللہ قادری، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر قادری نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افئیرز نوراللہ صدیقی ،سینئر رہنما جواد حامد، راجہ زاہد محمود،نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ،رانا نفیس قادری، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل ،عرفان یوسف، مظہر محمود علوی سدرہ کرامت، سمیت بڑی تعداد میں خواتین و مرد کارکنان نے شرکت کی۔

تبصرہ

Top