نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام آن لائن ٹیچر ٹریننگ پروگرام

مورخہ: 25 اگست 2021ء

نظام المدارس پاکستان کے شعبہ امتحانات کے زیراہتمام دو روزہ آن لائن ٹیچر ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نظام المدارس پاکستان کے صدر مفتی امداد اللہ قادری نے کہاکہ فرقہ واریت سے اسلام اور نظریہ پاکستان کی جڑیں کھوکھلی ہو رہی ہیں۔ عصری تقاضوں کے مطابق دینی نصاب پڑھا کر نفرتوں کا خاتمہ کرینگے۔ ریاست پاکستان کے فیصلے کے مطابق دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے، جو مدارس ریاست پاکستان کے فیصلے کے مطابق رجسٹریشن نہیں کروا رہے ان کاسند جاری کرنے کا اختیار بذریعہ نوٹفکیشن ختم کر دیا جائے، رجسٹریشن سے مشکوک ایجنڈہ رکھنے والے بے نقاب ہونگے۔

ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ کے وقار کی بحالی ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے یہ اسی صورت ممکن ہے کہ تمام بورڈز ایک پیج پر کھڑے ہوں اور کسی کو مدارس دینیہ کا پلیٹ فارم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کرنے دیں۔ اتحاد امت کیلئے تمام بورڈز کو عصری، تعلیمی، تحقیقی ضروریات کو پیش نظر رکھنا ہو گا۔

آن لائن ٹیچر ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کے بغیر اساتذہ عصری تقاضوں کے مطابق تدریسی فرائض انجام نہیں دے سکتے۔ نظام المدارس پاکستان نے پہلی بار مدارس دینیہ کے اندر ٹیچرز ٹریننگ پروگرام شروع کیا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ اس ٹریننگ سے مدارس دینیہ کے اساتذہ بہت خو ش ہیں اور وہ اسکی پذیرائی کر رہے ہیں۔ آن لائن ٹیچر ٹریننگ پروگرام سے شعبہ کورسز کے ڈائریکٹر حافظ سعید رضا بغدادی اور ڈاکٹر شفاقت بغدادی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top