ضبط نفس اور اعتدال کے انسانی اوصاف کامیابی کی ضمانت ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا کالج آف شریعہ میں طلباء سے خطاب

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں طلبہ کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو انتہا پسندی، تشدد اور منشیات سے بچانا اور انہیں ایک باکردار اور محب وطن شہری بنانا ہمارا مشن اور دینی و ملی فریضہ ہے۔ طہارت، ذہنی یکسوئی، ضبط نفس اور اعتدال کے انسانی اوصاف کامیابی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ زمانہ طالب علمی کے ایام کو موقع غنیمت جانیں، یہ وقت دوبارہ میسر نہیں آئے گا، کتاب اور مطالعہ سے محبت کریں۔

طلباء اپنے خیالات کو پاکیزہ اور توجہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی طرف مرکوز رکھیں۔ بری خواہشات سے دور رہیں۔ غم و غصہ کے اظہار اور روزمرہ کے معاملات کی انجام دہی میں اعتدال سے کام لیں۔ اللہ رب العزت نے امت محمدیہ کے جو اوصاف بتائے ہیں ان میں سے ایک وصف اس کا معتدل ہونا ہے۔ اعتدال ایک مشکل مشق ہے مگر یہ وصف انسان کو باوقار بناتا اور اس کی شخصیت میں نکھار لاتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ عبادات، روزمرہ کے معاملات میں اعتدال کی عملی تصویر تھے اور حضور نبی اکرم ﷺ ہمارے لئے رول ماڈل ہیں۔

اس موقع پر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، پروفیسر نواز ظفر، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، ڈاکٹر شفاقت علی البغدادی الازہری، ڈاکٹر محب اللہ اظہر، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، عبدالستار منہاجین اور محمد ثناء اللہ نے بھی اظہار خیال کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تربیتی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ نے دل کے برے خیالات سے نجات کے لئے ایک نسخہ بتایا ہے کہ دل پر عقل کا پہرہ بٹھاؤ، اگر دل میں برے خیالات اور خواہشات جنم لیتی ہیں تو ہمیشہ غور و فکر سے کام لو۔ عقل نفع اور نقصان کے بارے میں رہنمائی مہیا کرتی ہے۔ ہر بری خواہش اور برے ارادے پر ضرور سوچیں کہ اس کا آپ کو کتنا نقصان ہو سکتا ہے؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ عقائد کے معاملے میں بھی اعتدال سے کام لیں۔ جس فکر اور تعلیمات میں انتہا پسندی اور شدت پسندی ہو اس سے دور رہیں اور جس فکر میں اعتدال اور میانہ روی ہو اُسے ضرور قبول کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ اعتدال کی بات کی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسانیت سے محبت کرنا سکھایا ہے۔ عفو و درگزر، صلہ رحمی اور برداشت اعمال کی روح ہیں۔

college of shariah cosis

college of shariah cosis

college of shariah cosis

college of shariah cosis

college of shariah cosis

college of shariah cosis

college of shariah cosis

college of shariah cosis

تبصرہ

Top