یونان میں ڈاکٹر فرید الدین قادریؒ کے 52ویں سالانہ عرس مبارک کی پُرعقیدت تقریب
دنیا بھر کی طرح یونان میں بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کے والد گرامی، عظیم روحانی و علمی شخصیت فریدِ ملت ڈاکٹر فرید الدین قادریؒ کا 52واں سالانہ عرس مبارک نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس مناسبت سے منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام منہاج اسلامک سینٹر ایتھنز میں ایک روحانی و ایمان افروز محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان بھر سے عاشقانِ مصطفی ﷺ، معروف ثناخوان، علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری، کمیونٹی نمائندگان اور منہاج القرآن کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ عدیل نے حاصل کی، بعد ازاں ثناخوانوں نے محبت و عقیدت کے ساتھ بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض ترجمان منہاج القرآن یونان انصر اقبال بسراء نے نہایت خوبصورتی سے سرانجام دیے۔
اس موقع پر مقررین نے ڈاکٹر فرید الدین قادریؒ کی علمی، دینی، روحانی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی تحریکِ پاکستان کے لیے قربانیوں کو سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فرید ملتؒ نے ایک ایسے فرزند کی تربیت کی، جو آج دنیا بھر میں اسلام کے پرامن، روادار اور انسانیت نواز پیغام کو عام کر رہا ہے۔
صدر منہاج القرآن یونان ارسلان خرم چیمہ نے تمام معزز مہمانانِ گرامی، صحافی برادری اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فرید ملتؒ کا فکری و روحانی ورثہ ہماری رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور ان کی خدمات کو اجاگر کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ محفل کے اختتام پر امت مسلمہ کی سلامتی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تبصرہ