منہاج القرآن ویمن لیگ درامن کے اعزاز میں عشائیہ
مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ، ناروے کی جانب سے ذیلی تنظیم منہاج القرآن ویمن لیگ درامن کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ یہ تقریب مورخہ 25 اپریل، 2009 بروز ہفتہ منعقد ہوئی۔ اس میں منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی تمام مرکزی عہدیداران، منہاج سسٹرز ناروے اور درامن سنٹر کی انتظامیہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا خاص مقصد درامن کیلئے بننے والے سنٹر کے عظیم کارکنان کو اس عظیم مشن اور عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری سے وابستگی پر اُن کو مبارکباد پیش کرنا تھا، اس کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی مرکزی تنظیم کی جانب سے منہاج القرآن ویمن لیگ درامن کو تعاون کی مکمل یقین دہانی کروانا تھا۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت سسٹر صفیہ اشفاق نے حاصل کی جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج سسٹرز نے اپنے خوبصورت انداز میں قصیدہ بردہ شریف پڑھا۔ بعد ازاں منہاج سسٹرز کی آمنہ ظفر نے ہدیہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی مرکزی نائب ناظمہ دعوت و تربیت نوشازہ حسین قادری نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اور خاص طور پر درامن سنٹر کی بہنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا اس تحریک سے وابستہ ہونا کوئی چھوٹی سی بات نہیں ہے بلکہ یہ بہت بڑی سعادت ہے، اللہ تعالیٰ کسی کسی کو اس عظیم کام کیلئے منتخب فرماتا ہے اور آپ بہنیں ان خوش نصیبوں میں سے ہیں۔
منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی صدر رافعہ رؤوف نے درامن سنٹر کی انتظامیہ کو اس موقع پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا کارکن بننا بہت بڑی بات ہے، اس مشن کا ہر کارکن مبارکباد کا حق دار ہے، ہم سب کو اپنے اندر عاجزی و انکساری پیدا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کے پیغام کو مؤثر انداز سے پہنچانے کے لئے کوشش کریں۔ ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری سے وابستگی اور اُن سے نسبت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ اس کے بعد انہوں نے تفصیل کے ساتھ تنظیم، کارکن اور کام کرنے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی مرکزی نظامتوں کے بارے میں شرکاء کو بتایا۔
منہاج سسٹرز ناروے کی صدر اقراء اعجاز نے اپنی ٹیم کا تعارف پیش کیا۔ منہاج سسٹرز سے سسٹر مریم نسیم اور سسٹر آمنہ ظفر نے سسٹرز کی سرگرمیوں کے متعلق نارویجن زبان میں تفصیل سے بتایا۔
صدر ویمن لیگ درامن میمونہ رانا نے مرکزی تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم اس عظیم مشن سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے ویمن لیگ درامن کی عہدیداران کا تعارف بھی کروایا۔
پروگرام کے آخر میں ویمن اور سسٹرز لیگ کی بہنوں نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ عالیہ میں درود و سلام پیش کیا اور دعا کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا۔ آخرمیں تمام شرکاء کے لئے پرتکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔
رپورٹ : نوشازہ حسین قادری (نائب ناظمہ دعوت، ناروے)
مرتب : میاں محمد اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)
تبصرہ