پیر سید میر طیب علی شاہ کی روحانی و دینی خدمات قابل تحسین ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام

tahir ul qadri

تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معروف روحانی پیشوا سجادہ نشین درگاہ حضرت کرمانوالا شریف پیر سید میر طیب علی شاہ کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بھائی صوبائی وزیر سید صمصام علی شاہ بخاری کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ پیر سید میر طیب علی شاہ کی روحانی و دینی خدمات قابل تحسین ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے مرحوم کی مغفرت و بلندی درجات اور جملہ لواحقین، مریدین، معتقدین، وابستگان حضرت کرمانوالا شریف کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سجادہ نشین حضرت کرمانوالا شریف پیر سید میر طیب علی شاہ کے وصال سے ملک ایک روحانی شخصیت اور با عمل علمی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔

پیر سید میر طیب علی شاہ کی رحلت پاکستانیوں، امت مسلمہ، انکے اہل خانہ اور عقیدت مندوں کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے۔ مرحوم نے اسلام اور انسانیت کیلئے بہت کام کیا۔ وفات سے ملک ایک نیک صالح شخصیت سے محروم ہو گیا۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ رانا محمد ادریس، نور اللہ صدیقی، عبد الحفیظ چوہدری، شہزاد رسول و دیگر رہنماؤں نے بھی سجادہ نشین حضرت کرمانوالا شریف کے انتقال پر ملال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں راجہ زاہد محمود، علامہ میر محمد آصف اکبر، علامہ محمد اشفاق چشتی، منشا الاسلام و دیگر قائدین پر مشتمل وفد نے مرحوم کی نماز جنازہ دربار حضرت کرمانوالا شریف میں شرکت کی۔ سید صمصام علی شاہ بخاری کوشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ وفد نے مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

تبصرہ

Top