جھوٹے مدعیانِ نبوت کے متعلق حضور نبی اکرم ﷺ کی پیشین گوئی
غلام احمد قادیانی حقیقت میں جھوٹا شخص تھا، وہ 30 دجّالوں میں سے ایک دجال تھا جس کی خبر حضور نبی اکرم ﷺ نے 1400 سال پہلے دی تھی: شیخ الاسلام کا خطاب
عقیدۂ ختم نبوت اسلام کا وہ بنیادی ستون ہے جس پر امتِ مسلمہ کا ایمان متفق ہے کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔ ہر وہ شخص جو نبوت کا دعویٰ کرے، وہ جھوٹا، دجال اور فتنہ پرور ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں اسی فتنے پر روشنی ڈالتے ہوئے غلام احمد قادیانی کی حقیقت کو بے نقاب کیا، جس نے سب سے پہلے امام مہدی ہونے کا دعویٰ کیا، پھر خود کو حضرت عیسیٰؑ قرار دیا اور یوں جھوٹ اور فریب کی راہ پر چلتے ہوئے ان فتنہ پرور دجالوں کی صف میں شامل ہو گیا جن کی پیشین گوئی حضور نبی اکرم ﷺ نے 14 سو سال قبل فرما دی تھی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ: ہندوستان میں ایک شخص غلام احمد قادیانی بھی تھا، اُس نے جھوٹی نبوت کے جھوٹے دعوے سے پہلے مہدیت کی سیڑھی پہ قدم رکھا تھا، اور اپنے آپ کو امام مہدی declare کیا۔ پھر کسی نے اُس کو بتایا کہ امام مہدی علیہ السلام کے زمانے میں تو سیدنا عیسی علیہ السلام بھی موجود ہوں گے، تو اس نے پھر اعلان کر دیا کہ عیسیؑ بھی میں ہی ہوں۔ غلام احمد قادیانی امام مہدیؑ بھی خود بن گیا اور سیدنا عیسٰی ابن مریمؑ بھی خود بن گیا۔ اُس نے دونوں شخصیتیں اپنی ایک ہی ذات میں مرکوز کر ڈالیں۔ شیخ الاسلام نے مزید کہا کہ: تیسری بات کسی نے اسے سمجھائی نہیں ورنہ وہ بیوقوف اس کا بھی اعلان کر دیتا۔ تیسری بات یہ تھی کہ دجال بھی اسی زمانے میں آئے گا۔ اگر اس کے کان میں کوئی یہ کہہ دیتا یا سمجھا دیتا کہ ایک شخصیت رہ گئی ہے اس کا اعلان بھی خود ہی کر دو تو حضرت مہدیؑ اور حضرت عیسیؑ کے ہونے کا وہ اعلان تو کر ہی چکا تھا، اس لیے اَب اُس کے لیے کوئی مشکل نہ تھی کہ وہ اپنے متعلق کہتا کہ دجّال بھی میں خود ہی ہوں۔
غلام احمد قادیانی کی حقیقت:
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں جھوٹے نبوت کے دعوے دار کی حقیقت کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ: غلام احمد قادیانی حقیقت میں جھوٹا تھا، نہ وہ مہدی تھا اور نہ ہی وہ عیسیٰ تھا بلکہ وہ 30 دجّالوں میں سے ایک دجال تھا جس کی خبر حضور نبی اکرم ﷺ نے 14 سو سال پہلے دی تھی۔
قیامت تب تک قائم نہیں ہوگی جب تک 30 دجال نہیں نکلیں گے:
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ: قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک تیس 30 بڑے جھوٹے دجال ظاہر نہ ہو جائیں۔ یہ دجال ایسے لوگ ہوں گے جو جھوٹے دعویٰ نبوت کے ساتھ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا ظہور امت کے لیے آزمائش اور فتنہ ہوگا، اور یہ سب دجالِ اکبر (یعنی اصل بڑا دجال) کے آنے سے پہلے کے مراحل ہوں گے۔ ان فتنوں سے بچنے کے لیے قرآن و سنت پر مضبوطی سے عمل کرنا اور عقیدۂ ختم نبوت پر کامل یقین رکھنا ضروری ہے
جھوٹے مدعیانِ نبوت کے متعلق حضور نبی اکرم ﷺ کی پیشین گوئی:
شیخ الاسلام نے حدیث بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:
لَا تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى يُبْعَثَ دَجَّالُونَ كَذَّابُونَ قَرِيبًا مِنْ ثَلَاثِينَ كُلُّهُمْ يَزْعُمُ أَنَّهُ رَسُولُ اللَّهِ
(بخاري، ج3، ص 1320، رقم: 3413)
حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت اُس وقت تک وقوع پذیر نہیں ہوگی جب تک تیس کے قریب دجال کذاب نہ پیدا ہو جائیں، ہر ایک کا دعویٰ ہوگا کہ وہ نبی ہے۔ حضرت ابو ہریرہؓ ہی سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
يَكُونُ فِي آخِرِ الزَّمَانِ دَجَّالُونَ كَذَّابُونَ يَأْتُونَكُمْ مِنْ الْأَحَادِيثِ بِمَا لَمْ تَسْمَعُوا أَنْتُمْ وَلَا آبَاؤُكُمْ فَإِيَّاكُمْ وَإِيَّاهُمْ لَا يُضِلُّونَكُمْ وَلَا يَفْتِنُونَكُمْ
(صحیح مسلم)
آخری زمانہ میں دجال کذاب پیدا ہوں گے جو تمہیں اس قسم کی باتیں بیان کریں گے جو نہ تم نے پہلے کبھی سُنی ہوں گی اور نہ تمہارے آباء و اَجداد نے ہی سُنی ہوں گی، پس میں تمہیں خبردار کرتا ہوں کہ اُن سے ہوشیار رہنا۔ مبادا وہ تمہیں گمراہ کر دیں یا فتنے میں مبتلا کردیں۔
اِن احادیث کی روشنی میں حضور نبی اکرم ﷺ نے ہمیں خبر دی ہے کہ دجال کذاب آئیں گے اور نبوت کا جھوٹا دعوی کریں گے، جن میں سے ایک غلام احمد قادیانی تھا جس نے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کی۔
حاصلِ کلام:
عقیدۂ ختم نبوت اسلام کا وہ غیر متزلزل اصول ہے جس پر ایمان رکھنا ہر مسلمان کے لیے لازم ہے، اور جو شخص اس عقیدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نبوت کا دعویٰ کرے، وہ دین اسلام سے خارج اور امت کے لیے فتنہ ہے۔ غلام احمد قادیانی کی مثال اسی گمراہ کن فتنہ کی واضح شکل ہے، جس نے پہلے امام مہدی ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا، پھر حضرت عیسیٰؑ ہونے کا دعویٰ کر کے عقیدۂ ختم نبوت پر حملہ کیا، حتیٰ کہ وہ ان جھوٹے مدعیان نبوت میں شامل ہو گیا جن کے بارے میں حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا تھا کہ قیامت سے قبل 30 دجال کذاب ظاہر ہوں گے، اور ہر ایک نبوت کا دعویٰ کرے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے علمی خطاب میں اس فتنۂ قادیانیت کو بے نقاب کرتے ہوئے امت کو خبردار کیا کہ غلام احمد قادیانی انہی دجالوں میں سے ایک ہے جن کا ذکر احادیث نبویہ میں فتنے، گمراہی اور جھوٹ کے طور پر ہوا ہے۔ اس دورِ فتن میں قرآن و سنت سے وابستگی اور عقیدۂ ختم نبوت پر کامل یقین ہی ہمارے ایمان کی حفاظت کا واحد راستہ ہے۔
بلاگ: ڈاکٹر محمد اِقبال چشتی (ریسرچ اسکالر، لائیو اَپڈیٹس سیل، سوشل میڈیا)
تبصرہ