اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے : احمد نواز انجم

سیاسی جماعتوں کا آئینی معاملات، صوبائی خود مختاری جیسے ایشوز پر متفق ہونا سیاسی تدبر کی علامت ہے
آئینی کمیٹی کی جانب سے اٹھارویں ترمیم کے مسودے کی منظوری اچھا عمل ہے
تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم کا لاہور میں ایک تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے فلاح و بہبود کے فنڈز ہڑپ کرنے والے افراد خدا اور عوام دونوں کے مجرم ہیں۔ قرض پر پلنے والی قوم ترقی نہیں تنزلی کی طرف بڑھتی ہے۔ آزاد ملک ہونے کے باوجود ہمارے فیصلے پارلیمنٹ کی بجائے کسی اور جگہ ہو رہے ہیں۔ ملک میں اہل قیادت کا فقدان ہے جس وجہ سے گھمبیر مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مسائل حل کرنے کی بجائے ایک دوسرے کی کردار کشی میں مصروف ہیں اور ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال کر پھر آمریت کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ حکومتی ریلیف پیکج کے نام پر اتوار اور بدھ بازاروں میں غریب عوام کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔ غربت اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں جبکہ اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے۔ سیاسی محاذ آرائی کے باعث محب وطن عوام مسلسل ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کسی طرح بھی درست عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ظلم ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ہم اس عمل کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ احمد نواز انجم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئینی کمیٹی کی جانب سے اٹھارویں ترمیم کے مسودے کی منظوری اچھا عمل ہے۔ 1973ء کے آئین کے بعد پہلی دفعہ تمام سیاسی جماعتوں کا آئینی معاملات، صوبائی خود مختاری جیسے ایشوز پر متفق ہونا سیاسی تدبر کی علامت ہے تاہم خوشی کی خبر کے ساتھ ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی خبر عوام کے لیے تازیانہ بن کر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے باوجود پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسوں کا مظہر ہے۔ اگر سیاسی جماعتوں نے ابھی بھی ہوش کے ناخن نہ لیے تو عوام کا اعتماد جمہوریت سے اٹھ جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top