منہاج ایجوکیشن سنٹر اوسلو کے زیراہتمام سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب

اوسلو (عقیل قادر)

منہاج ایجوکیشن سنٹر اوسلو کے زیراہتمام 21 فروری کو سالانہ تقیسم انعامات کے جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں بہت بڑی تعداد میں سکول کے بچوں اور انکے والدین نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی پاکستان ایمبسی کے ویلفیئر اتاشی شیخ شیراز احمد تھے اور سٹیج پر تشریف فرما معزز مہمانوں میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے صدر نثار پرویز، سابق صدر حاجی افضل انصاری، علامہ حافظ عابد کشمیری خصوصی دعوت پر پروگرا م میں شرکت کے لیے ستاونگر سے تشریف لائے تھے، علامہ قاری اسرار احمد منہاجین امام و خطیب مسلم سنٹر فیورست، اقبال اختر خان، علامہ قاری محمد خالد آف موس، علامہ حافظ صداقت علی قادری امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو تشریف فرما تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز اللہ کے پاک نام سے شروع کیا گیا، جسکی سعادت تحریک کے معروف قاری عبدالرحمن نے حاصل کی۔ اس موقع پر طلبہ کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں تلاوت گروپ، نعت گروپ، تقاریر گروپ شامل تھے۔ تلاوت کے گروپس میں جس نے بہترین قرات کی ان طلبہ کو پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن سے نوازا گیا۔ اسی طرح دوسرے گروپس کو بھی بہترین کارکردگی پر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن سے نوازا گیا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی پیش کرنے پر حاجی افضل انصاری نے دو طلبہ کو پانچ پانچ سو کراؤن انعام دیا۔ سب معزز مہمانوں نے گروپس میں انعامات تقسیم کیے۔ دو اہم ایوارڈ، سٹوڈنٹ آ ف دی ایئر مشعل احمد کو دیا گیا جبکہ دوسرا ایوارڈ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر رافعہ حسین کو دیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان ایمبیسی کے ویلفیئر اتاشی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ مجھے یہاں آکر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور انہوں نے کہا کہ اگر مجھے معلوم ہوتا کہ مجھے یہاں پر ایسا علمی ماحول میسر آئے گا تو میں اپنی پوری فیملی کو لے کر حاضر ہوتا تاکہ وہ بھی یہاں سے کچھ علمی فیض حاصل کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرا م میں سفیر پاکستان رب نواز خان نے بھی شرکت کرنی تھی مگر ناروے میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے وہ اس میں شرکت نہیں کر سکے۔ اس پروگرا م میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے شاہد علی اعوان، کشمیر کونسل ناروے کے صدر چودھری مختار، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ریاض احمد اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کو بہترین آرگنائز کرنے اور تعاون کرنے پر علامہ صداقت علی قادری نے والدین کمیٹی، صدر ادارہ نثار پرویز، ناصر علی اعوان اور یاسین محمد کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے آخر میں مہمانوں کے لیے ضیافت کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top