پولیس گردی کے نتیجے میں جانوں کے ضیاع کی شدید مذمت، جوڈیشل انکوائری کے بعد ذمہ داران کو کڑی سزا دی جائے

لسانی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام خطرناک ہوگا، عوامی خواہشات سے متصادم فیصلے پر قائم رہنے سے نقصان ہوگا
سیاسی جماعتیں عوامی رائے کا احترام کر کے ملکی مفاد میں فیصلہ کریں
عوامی خواہشات کے مطابق نام کا فیصلہ دوبارہ کرنا ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہے
تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی صدارت میں ہونے والی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں ہزارہ میں امن و امان کی حساس اور نازک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسے داخلی سلامتی اور ملکی یکجہتی کے لیے خطرناک قرار دیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اسمبلیوں سے خیبر پختونخواہ کے نام کی منظوری کے بعد ہزارہ کے عوام نے جو ردعمل دیا ہے وہ ان کا جمہوری حق ہے مگراس صورتحال نے جو گھمبیر صورتحال اختیار کر لی ہے وہ کروڑوں عوام کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ اجلاس میں عوام پر ہونے والی پولیس گردی کی شدید ترین مذمت کی گئی جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ اجلاس میں کہا گیاکہ پولیس کو قانون کی دھجیاں بکھیرنے کا کوئی حق حاصل نہیں اور قانون نافذ کرنے والوں کا یہ عمل ناقابل معافی ہے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ جوڈیشل انکوائری کے بعد ذمہ داران کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام میں کوئی حرج نہیں مگر لسانی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام انتہائی خطرناک ہوگا۔ اس حوالے سے پیدا شدہ صورتحال کو پیچیدہ ہونے سے قبل ہی سنبھالنا ہوگا ورنہ ملک بڑے بحران میں گھر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں اور سینٹ سے پاس ہونے کے بعد کوئی بھی ایسا فیصلہ جو عوامی خواہشات سے متصادم ہو اسے پہلے کی پوزیشن پر واپس لے جا کر دوبارہ عوامی امنگو ں کے مطابق حل کرنا ہی دانشمندی کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مفادات سے بالا ہو کر ملک اور عوامی مفاد میں اس مسئلہ کو حل کرنے کی طرف بڑھیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہزارہ کے عوام کے احتجاج کو مثبت انداز میں لیں اور عوامی رائے کا احترام کر کے ایسے نام پر متفق ہو جائیں جو عوام کے اندر پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب کو بھی ختم کرے اور ملکی یکجہتی کو بھی قائم رکھے۔ اجلاس کے آخر میں ہزارہ میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کل پورے ملک میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی جائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top