غلامانہ نظام کو تبدیل کئے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کر سکتا : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

احتساب کا منصفانہ بنیادوں پر غیر جانبدارانہ اور آزاد ادارہ قائم کیا جائے
حکومت سیاسی و ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کوئلے کے ذخائر سے بجلی گھروں کی تعمیر شروع کرے
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا مختلف وفود سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ غیروں کے اشارے پر عوام پر معاشی بوجھ ڈالنا غلامی کے مترادف ہے۔ غلامانہ نظام کو تبدیل کئے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کر سکتا ان باتوں کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا بڑھتی ہوئی مہنگائی اور شدید لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشانیوں میں مبتلا کر رکھا ہے۔ احتساب کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن بڑھتی جا رہی ہے۔ کرپشن کو روکنے کیلئے سخت اور کڑے احتساب کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا احتساب کا منصفانہ بنیادوں پر غیر جانبدارانہ اور آزاد ادارہ قائم کیا جائے اور سیاستدانوں سمیت جملہ صاحبان اختیار کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کمیشن مافیا بھی ملک و قوم کی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے ان کے جال کو توڑے بغیر بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کی متنازعہ شقوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور سیاسی جماعتوں کو پارٹی کے اندر انتخابات کرانے کا پابند کیا جائے۔ پارٹی سربراہ کی شخصی آمریت کو دیئے گئے آئینی تحفظ کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کا بھی بل پاس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی و ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کوئلے کے ذخائر سے بجلی گھروں کی تعمیر شروع کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top