ناکافی شہادتوں کے باعث دہشت گردوں کی رہائی کے سلسلہ پر عوام کو تشویش ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 14 مئی 2010ء

چیف جسٹس سپریم کورٹ اس حساس مسئلے پر سوووموٹو ایکشن لیں

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث افراد کی ناکافی شہادتوں کے باعث رہائی کے سلسلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حساس مسئلے پر سوووموٹو ایکشن لے کر کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث ملزموں کی رہائیاں دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینے کے مترادف ہے۔ ملکی امن کو سبوتاژ کر کے معصوم جانوں سے کھیلنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہیں۔ دہشت گردوں کو پکڑنا اور ان کے خلاف ٹھوس ثبوت پیش کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ ثبوتوں کے حوالے سے ہونے والی کوتاہی پر چیف جسٹس قانون نافذ کرنے والے اداروں سے باز پرس کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں اور ملکی امن سے کھیلنے والوں کو صرف اس لیے چھوڑ دینا کہ شہادتیں ناکافی ہیں درست نہیں ہے ایسے رویے کو عوام قطعا قبول نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ دہشت گردوں کی رہائی کی خبروں سے پاکستان کے امیج کو مزید دھچکا لگے گا اس لیے اعلیٰ عدالت اس حساس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top