گستاخانہ رویے کا دائمی حل نہ نکالا گیا تو یہ مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان تصادم کا باعث بن سکتا ہے : فیض الرحمن درانی

مورخہ: 22 مئی 2010ء

انبیاء کی ناموس کی حفاظت کے لیے بین الاقوامی قانون ہونا چاہیے تاکہ اہانت رسول (ص) کی کوئی بھی فرد جرات نہ کرے

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمن خان درانی نے کہا کہ حکومت گستاخانہ خاکوں کا مقدمہ عالمی سطح پر اٹھائے۔ دشمن اسلام گھناؤنی اور منظم سازش کے تحت ذہنی طور پر مسلمانوں کو ٹارچر کر رہا ہے۔ گستاخی رسول کا عمل جمہوری روایات اور انسانیت کے نام نہاد عالمی علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اس گستاخانہ رویے کا دائمی حل نہ نکالا گیا تو یہ مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان تصادم کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ساری کائنات کو امن، سلامتی، محبت، رواداری اور انسانیت کے قوانین عطا کیے ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محسن انسانیت ہیں ان کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال کسی طرح بھی مسلمان برداشت نہیں کر سکتے اس لیے مسلمانوں کا احتجاج حق پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ وہ لوگ جو انسانی حقوق کے بڑے چمپیئن بنتے ہیں مسلمانوں کے ایمان پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلمان بلا تفریق ہر نبی کا احترام کرتا ہے اور یہ اس کے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انبیاء علیہ السلام کی ناموس کی حفاظت کے لیے بین الاقوامی قانون ہونا چاہیے تاکہ اہانت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کوئی بھی فرد جرات نہ کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top