سینئر نائب ناظم اعلی MQI شیخ زاہد فیاض کا روزنامہ جذبہ آسٹریا کو دیا گیا خصوصی انٹرویو

مورخہ: 29 مئی 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض 29 مئی 2010 ء کو صدر سپریم کونسل MQI صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کے ہمراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیر اہتمام ’’ تلاش امن کانفرنس‘‘ میں شرکت کے لئے ایک روزہ دورہ پر ویانا پہنچے۔ایک روزہ دورہ ویانا، آسٹریا کے دوران منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم کی جانب سے مہمانوں کو دیئے گئے ظہرانہ میں منہاج میڈیا کوآرڈینیشن یورپ کے کوآرڈینیٹر اور روزنامہ جذبہ آسٹریا کے بیورو چیف محمد اکرم باجوہ نے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کا خصوصی انٹرویو کیا ۔

جذبہ: السلام علیکم ! شیخ زاہد فیاض صاحب آپ کی بڑی مہربانی کہ آپ نے جذبہ انٹرنیشنل اور منہاج میڈیا کے لئے وقت نکالا، جذبہ کی ٹیم آپ کی بے حد مشکور ہے۔

شیخ زاہدفیاض: وعلیکم السلام ! آپ کا بھی بہت بہت شکریہ کہ آپ نے منہاج القرآن کے پیغام کو عوام الناس تک پہنچانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اس انٹرویو کا اہتمام کیا۔ آپ منہاج القرآن کے موقف کو بروقت اور سچ بات کو لوگوں تک پہنچاتے ہیں جو قابل ستائش ہے۔ یورپ میں واحد ذریعہ ویب سائٹس، انٹرنیٹ پر بالخصوص جذبہ انٹرنیشنل ہے جو سب سے زیادہ پڑھاجاتا ہے، باقی میڈیا بھی ہمارے لئے قابل احترام ہے مگرجذبہ کی ٹیم اور محمد اکرم باجوہ صاحب بالخصوص اتنے متحرک صحافی ہیں کہ آپ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اٹلی کی تین روزہ ورکشاپ میں خود یورپ کا منہاج میڈیا کوآرینیٹر مقرر کیا تھا اوراس بات کاثبوت تو آپ نے دے دیا ہے کہ ہم کل سے آسٹریا میں ہیں اور آپ ہمارے ساتھ ہیں۔

جذبہ: آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے میرے کام کی اور میری حوصلہ افزائی کی ہے میں تو حضور شیخ الاسلام کی لگائی ہوئی ڈیوٹی پوری کر رہا ہوں۔

جذبہ: آپ کا پورا نام؟

شیخ زاہد فیاض: میرا پورا نام شیخ زاہد فیاض ہے

جذبہ: آپ کی رہائش اور آبائی شہر کون سا ہے؟

شیخ زاہدفیاض: میں باغبانپورہ لاہور صوبہ پنجاب (پاکستان) کا رہنے والا ہوں

جذبہ: آپ کی پیدائش؟ اور آپ نے ابتدائی تعلیم کہاں مکمل کی اور اس کے بعد کیا کیا؟

شیخ زاہد فیاض: میں لاہور میں پیدا ہوا، ابتدائی تعلیم بھی لاہور میں حاصل کی اس کے بعد 1986 میں فرانس آ گیا اور باقی تعلیم مکمل کی۔

جذبہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل سے کب وابستہ ہوئے؟

شیخ زاہد فیاض: گذشتہ 19سالوں سے منہاج القرآن سے وابستہ ہوں اور قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت سے متاثر ہو کر تحریک میں شامل ہوا۔

جذبہ: اب تک کن کن عہدوں پر فائز رہے؟

شیخ زاہد فیاض: میں جب سے تحریک میں شامل ہوا ہوں تب سے آج تک کوئی نہ کوئی ذمہ داری نبھارہا ہوں۔ 5سال تک فرانس کا صدر رہا، اس کے بعد یورپ کا جنرل سیکرٹری اور کچھ عرصہ کے لئے یورپ کاصدر بھی رہا۔

جذبہ: آپ نے کبھی سیاست یا کسی الیکشن میں حصہ لیا؟

شیخ زاہد فیاض: جی ہاں ! میں عوامی تحریک لاہور کاصدر رہا ہوں او ر اس عرصہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری کی الیکشن مہم کو بھر پور محنت سے چلایاا ور اللہ کے فضل وکرم سے شیخ الاسلام کو کامیاب کروایا

جذبہ: آج کل فرانس میں ہیں یا پاکستان میں ؟

شیخ زاہد فیاض: میں گذشتہ 5سال سے لاہور میں ہوں اور سینئر نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خدمات سر انجام دے رہا ہوں

جذبہ: آپ ویانا پہلی مرتبہ آئے ویاناکیسا لگا؟

شیخ زاہد فیاض: ویانا کے لوگ بہت ملنسار ہیں او ر سب سے مل کر خوشی ہوئی، ویانا شہر بھی بہت خوبصورت ہے۔

جذبہ: عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان پرکچھ بتائیں؟

شیخ زاہدفیاض: مینار پاکستان لاہور میں ہر سال 11,12ربیع الاول کی درمیانی شب منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان جمع ہوتے ہیں، میں گذشتہ 5 سال سے عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کی ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں جومیرے لئے فخر کی بات ہے۔

جذبہ: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری کی تصانیف اور خطابات کے حوالہ سے کچھ بتائیں؟

شیخ زاہدفیاض: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری ماشاء اللہ دنیا بھر کی واحد ایسی شخصیت ہیں جو حیات ہیں اور 1000سے زائد کتب کے مصنف ہیں جبکہ 6,000 سے زائدموضوعات پر آپ کے لیکچرز موجود ہیں

جذبہ: منہاج القرآن کی تنظیمات کتنے ممالک میں کام کر رہی ہیں؟

شیخ زاہد فیاض: ماشاء اللہ اس وقت منہاج القرآن پانچوں براعظموں میں مشن کا پیغام پہنچ چکا ہے جبکہ 100ممالک میں باقاعدہ تنظیمی نیٹ ورک موجود ہے

جذبہ: منہاج القرآن کی تنظیمات100 ممالک میں ہیں اس پرآپ کیا کہیں گے کہ کیسا کام کر رہی ہیں؟ اکاونٹس کے معاملات کیسے چلتے ہیں؟

شیخ زاہد فیاض: اس وقت 100ممالک کی تنظیمات الحمدللہ بہت اچھے اندازمیں کام کررہی ہیں اوران کے حساب کتاب مقامی تنظیمات کے عہدیداران چلارہے ہیں، میں آپ کو بڑے فخر سے کہ رہاہوں کہ آج تک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تمام اکاؤنٹس اور دوسرے بینک اکاؤنٹ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری یا اس کی فیملی کے کسی فرد کے دستخط نہیں نہ انہوں نے کبھی تحریک کے پیسے کواستعمال کیا ہے بلکہ آج تک انہوں نے چائے تک تحریک کے پیسے سے نہیں پی بلکہ اگر کسی میٹنگ میں چائے پی لیں تو اس کی اپنی جیب سے ادائیگی کرتے ہیں۔ اگر انسان کی نیت ٹھیک ہو اور وہ اسلام کی خدمت کرنے کا درد اس کے دل میں ہو تو انسان خود بخود خدا کے بتائے ہوئے راستو ں پر چل پڑتا ہے، آج تک دنیا میں ایسی کوئی تنظیم نہیں جس کا100ممالک میں تنظیمی نیٹ ورک موجود ہو یہ قائد تحریک کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ آج دنیا میں سب سے بڑی تحریک صرف منہاج القرآن ہے جودن دگنی رات چوگنی منزلیں طے کر رہی ہیں جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ لاہور میں500یتیم بچوں کی کفالت کے لئے آغوش پراجیکٹ پر کام بڑی تیزی سے جاری ہے اور اس طرح کے پراجیکٹ پاکستان کے دوسرے شہروں میں بھی شروع کئے جائیں گے۔

جذبہ: آپ منہاج القرآن آسٹریا کی تنظیم کے متعلق کیاکہیں گے کیا آپ ان کے کام سے مطمئن ہیں ؟

شیخ زاہد فیاض: ماشاء اللہ میںیہ دیکھ رہا ہوں کہ ویانا آسٹریا میںجتنی کم آبادی ہے اس لحاظ سے ویانا میں منہاج القرآن کی تنظیم نے کافی محنت کی ہے اور لوگوں کو شیخ الاسلام کاپیغام پہنچایا ہے، میں آسٹریا کی تنظیم کے کام سے کافی مطمئن ہوں خصوصاً منہاج القرآن آسٹریا کے صدرخواجہ محمد نسیم کافی متحرک اور محنتی ہیں ، سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔

جذبہ: ایک سال مکمل ہوا ہے منہاج میڈیا کوآرڈینیشن کے کام کے بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟

شیخ زاہد فیاض: ماشاء اللہ قائد تحریک نے ایک سال قبل اٹلی میں منعقدہ تین روزہ ورکشاپ میں منہاج میڈیا کوآرڈینیشن کونسل تشکیل دی جس نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائی ہیں اور مزید دلجمی کے ساتھ محنت کر رہے ہیں

جذبہ: شیخ زاہد فیاض صاحب آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے اپنے قیمتی وقت میں سے ٹائم نکال کر ہمیں معلومات فراہم کیں

انٹرویو پینل:( محمد اکرم باجوہ، آسٹریا )

 

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top