منہاج القرآن انٹرنیشنل (نیکیا) یونان کے زیراہتمام معراج مصطفی (ص) کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل (نیکیا) یونان کے زیراہتمام مورخہ 08 جولائی 2010ء بروز جمعرات بعد نماز عشاء انوار مدینہ مسجد میں معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں رفقاء و وابستگان تحریک کے علاوہ یونان سے کثیر تعداد میں مرد و زن نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جبکہ منہاج نعت کونسل کے ثناخوان مظہر اقبال، رانا شاہد، محمد اعظم اعوان، استاد لطیف قاری اور ایتھنز کے مشہور ثناخوان محمد سجاد قادری نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض محمد عمران قادری نے سرانجام دیئے۔

محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوفی عبیداللہ چشتی نے واقعہ معراج پر روشنی ڈالی اور کہا کہ امت مسلمہ پر معراج کی شب بہت بڑا احسان کیا گیا کیونکہ اس شب اللہ رب العزت کی بارگاہ میں پانچ وقت کی حاضری کی نعمت نصیب ہوئی۔

مرکز میں نماز صلوۃ التسبیح کا بھی اہتمام کیاگیا جبکہ باقی شب محفل ذکر اور نوافل ادا کئے گئے اور ملک پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ محفل میں ملک جاوید اقبال اعوان صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان، امتیاز عالم جعفری کے بھائی آصف محمود اور ایڈیٹر ہفت روزہ ایکسپریس شہزاد احمد نے خصوصی شرکت کی۔

محفل کے اختتام پر شرکاء کے لئے سحری کا بھی انتظام کیا گیا۔

رپورٹ : نوید سحر (ایتھنز)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top