شب برات بخشش و مغفرت کی خاص رات ہے : علامہ شمس الرحمان آسی

برنلے (ابو ابراہیم و ابن خلیل) اللہ پاک کی رحمت بہت وسیع ہے اور وہ ذات اعمال حسنہ کی کثرت نہیں بلکہ حسن نیت دیکھتی ہے اور بخشش و مغفرت کے بہانے تلاش کرتی ہے، ہماری مغفرت اور اصلاح احوال کے لئے اس ذات نے دن اور رات کے کچھ اوقات کا انتخاب کر رکھا ہے تاکہ اپنے بندوں پر رحمت کی بارش چھم چھم برسائی جائے، ایسے ہی خاص اوقات میں شب برات یعنی شعبان المعظم کی پندرھویں رات ہے۔ حدیث پاک کے مطابق اللہ تعالیٰ اس بابرکت رات کثیر تعداد میں لوگوں کو جہنم سے نجات عطا فرماتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل برنلے سنٹر کے ڈائریکٹر علامہ شمس الرحمان آسی نے کہا کہ یوں تو شعبان المعظم کا پورا مہینہ برکتوں، رحمتوں، راحتوں، بخششوں اور اللہ کے فضل و کرم سے معمور ہے مگر اس ماہ کی درمیانی رات خالق کائنات کا فضل و کرم اپنے عروج پر پہنچ جاتا ہے، اللہ رب العزت کا فضل وکرم ہے کہ اس نے لیلۃ القدر کے بعد اس عظیم رات کو ہمارے لئے ظاہر فرما دیا اور اس بات کی ترغیب دی کہ اس منتخب شدہ رات میں جو کچھ خلوص دل کے ساتھ مانگو عطا کردیا جائے گا ۔

علامہ شمس الرحمان آسی نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس شب اللہ تعالیٰ سے اس کی رحمت، فضل و کرم، اس کی عنایتیں، مغفرت اور بخشش طلب کریں، انسان جتنا بھی گنہگار ہو توبہ کا دروازہ اس کے لئے ہر لمحہ کھلا ہے، صرف گناہوں پر ندامت کے اظہار اور اللہ سے مغفرت طلب کرنے کی دیر ہے۔ 

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top