سیلاب زدگان کی مدد کیلئے منہاج ایمبولینس سروس کے کام کا آغاز

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 5 منہاج ایمبولینسز بھجوائی جا رہی ہیں۔ یہ سروس نوشہرہ اورگرد نواح کے متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے بھجوائی جا رہی ہیں جس میں فرسٹ ایڈ بھی مہیا کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی قائمقام ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے لاہور سے ایمبولینسز بھجوانے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں افتخار احمد اور انجینئر افضال کی قیادت میں ایک مرکزی وفد اٹک، کامرہ اور نوشہرہ کے علاقوں کا جائزہ لینے کیلئے بھیجا گیا ہے۔ افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔ اس موقع پر مصیبت زدہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مصیبت زدہ افراد کی ہر ممکن مدد کریگی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج خیمہ بستیاں اٹک اور کامرہ میں بنائی جائیں گی اور تحصیل میانوالی کے علاقہ داؤد خیل، ماڑی انڈس، پکی شا اور مردان کے متاثرین کیلئے خیمہ بستیاں داؤد خیل میں بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ متاثرین کی مدد کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں۔ لاکھوں متاثرین کو جو کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار امداد کے منتظر ہیں۔ مخیر حضرات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی کیمپس جو  365 ایم ماڈل ٹاؤن میں قائم کیا گیا ہے پر خیمے، اشیاء خورد و نوش، آٹا، چینی، دالیں، گھی، بستر، دریاں، کمبل، بسکٹ، چائے پتی و جملہ اشیاء جمع کروا سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top