منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے یوم آزادی سیلاب متاثرین کے ساتھ منایا

مورخہ: 14 اگست 2010ء

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے 14 اگست 2010ء کو "یوم آزادی" نوشہرہ میں سیلاب زدگان کے ساتھ منایا۔ قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن سید افتخار شاہ بخاری، بلال مصطفوی اور تحریک منہاج القرآن نوشہرہ کے دیگر مقامی قائدین نے سیلاب زدگان کے ساتھ جشن آزادی کی خوبصورت تقریب میں شرکت کی۔

نوشہرہ میں متاثرین سیلاب کے لیے بسائی گئی منہاج خیمہ بستی میں 100 خاندان آباد ہیں۔ امدادی ٹرکوں کا قافلہ نوشہرہ پہنچا تو لوگوں نے انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔

یوم آزادی کی تقریب میں نعتیں، ملی نغمے اور ترانے گائے گئے۔ کوئز پروگرام بھی ہوا، جس میں متاثرہ بچوں نے بھر پور شرکت کی، جو سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں اٹھائے وقتی طور پر سیلاب کی تکلیفوں کو بھول گئے۔ تقریب میں متاثرہ بچوں نے بھی نعتیں، ملی نغمے اور ترانے پیش کیے۔ اس موقع پر قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں منہاج القرآن اپنے دکھی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے قائدین پورے ملک میں امدادی سامان لے کر سیلاب زدگان کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصیبت کی گھڑی قوم سے ایثار و قربانی کا تقاضہ کرتی ہے۔ قربانی مسلمانوں کی نشانی ہے جبکہ مواخات مدینہ ایثار و قربانی کا عظیم باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنے وسائل میں سے معقول حصہ سیلاب زدگان کے لیے دینا ہوگا۔ تحریک منہاج القرآن کے قائدین نے سیلاب زدگان کے ساتھ کیمپوں میں 2 دن گزارے اور ان کے دکھ کو نہایت قریب سے دیکھا۔

تقریب کے بعد شیخ زاہد فیاض اور دیگر مرکزی قائدین نے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ جس میں آٹا اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء شامل تھیں۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی ناظم سید افتخار شاہ بخاری نے متاثرین کو نقد رقوم کے علاوہ امدادی چیکس بھی دیئے۔

آخر میں شیخ زاہد فیاض نے منہاج خیمہ بستی میں قائم کیمپوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر انتظامی امور کے حوالے سے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ متاثرین کی مدد کے لیے کوئی دقیقہ فرد گزاشت نہ کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top