منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار مشکل راستوں کے باوجود کالام کے سیلاب زدہ علاقوں میں راشن اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں : میاں طاہر یعقوب

متاثرین سیلاب کی بحالی میں کردار ادا کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے
تحریک منہاج القرآن کے کارکن تن من دھن کے ساتھ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے مصروف عمل ہیں

پاکستان کا سوئٹرز لینڈ قرار دی جانیوالی وادی سوات اور کالام کے ہزاروں افراد کو جس طرح اچانک سیلابی آفت کا سامنا کرنا پڑا وہ بڑا المیہ ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مشکل کی اس گھڑی میں سوات اور کالام کے ہم وطنوں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے میڈیکل ریلیف کمیٹی کے سربراہ میاں طاہر یعقوب نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سوات اور کالام میں کی جانیوالی امدادی سرگرمیوں کے دوران متاثرین سیلاب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد محمود، مشتاق احمد، ڈاکٹر نادر اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ خراب موسم اور سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کے باوجود منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار مشکل راستوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کالام کے سیلاب زدہ باسیوں کو راشن اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے عزم کر رکھا ہے کہ ہم اس وقت تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے جب تک متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہ لوٹ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے جو ہدایات فرمائی ہیں پورے ملک اور بیرونی دنیا میں تحریک منہاج القرآن کے کارکن تن من دھن کے ساتھ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تباہی کے بعد متاثرین سیلاب کی بحالی میں کردار ادا کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین کی مدد کیلئے زندگی کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top