فرید ملت نے نفسانی خواہشات کے مقابلے میں روح کو طاقتور کرنے کا درس عظیم دیا : شیخ زاہد فیاض

ڈاکٹر فرید الدین ہمہ پہلو شخصیت تھے ان کی ساری زندگی حصول علم کیلئے وقف تھی
ڈاکٹر فرید الدین کی یاد میں فرید ملت سیمینار سے مقررین کا خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری کے عرس کے سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عظیم الشان فرید ملت سیمینار ضلع جھنگ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پیر خلیل الرحمن چشتی نے کی۔ قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، انوار اختر ایڈووکیٹ، راجہ جمیل اجمل، جواد حامد، رانا ادریس، عاقل ملک، مقصود احمد، میاں زاہد اسلام نے سیمینار میں خصوصی شرکت کی جبکہ صبغت اللہ، قدرت اللہ، شفقت اللہ اور قاضی قدیر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ شیخ زاہد فیاض نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرید ملت اپنے عہد کے عظیم صوفی تھے۔ جنہوں نے تقویٰ میں اعلیٰ مقام حاصل کیا اور ان کی دعا سے امت مسلمہ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی نابغہ عصر شخصیت عطا ہوئی۔ فرید ملت نے نفسانی خواہشات کے مقابلے میں روح کو طاقتور کرنے کا درس عظیم دیا۔ ناظم علماء کونسل تحریک منہاج القرآن سید فرحت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین معاشرے میں روحانی اقدار کے پھیلاؤ کیلئے کام کرنے والی عظیم تحریک منہاج القرآن کی خشت اول تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین ہمہ پہلو شخصیت تھے ان کی ساری زندگی حصول علم کیلئے وقف تھی، شب زندہ دار تھے اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کا سرمایہ حیات تھا۔ انہوں نے بیٹے کی تربیت کا حق ادا کر دیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ آج شیخ الاسلام کی روحانی، علمی اور دینی کاوشوں کا سہرا ڈاکٹر فرید الدین کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ڈنکا پوری دنیا میں بجھ رہا اور یہ ڈاکٹر فرید الدین کے سجدوں کی تڑپ کا انعام ہے جو عالم اسلام کو اتنی عظیم تحریک نصیب ہوئی۔ فرید ملت کے بیٹے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تاریکی میں روشنی کی علامت ہیں۔ آخر میں معروف روحانی شخصیت پیر سیدخلیل الرحمن نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین کی حسن طلب نے امت مسلمہ کو شیخ الاسلام جیسا مسیحا عطا کیا۔ انہوں نے بیٹے کو جگر کا خون دے کر پڑھایا اور تربیت کا حق ادا کیا اسی لئے تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹا باپ کا پرتو ہوتا ہے شیخ الاسلام کی صورت میں امت کو وہ عظیم قائد نصیب ہوا جس نے صدیوں کا علمی قرض چکایا۔ فرید ملت کے عرس مبارک کے موقع پر معروف ثنا خوان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  ارشاد اعظم چشتی اور اعجاز پپو قوال و ہمنوا نے نعتیہ کلام پیش کر کے ماحول کو معطر کر دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top