اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی ہر سطح پر پرزور مذمت کرتا ہے : سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ

معاشرے کی اصلاح کی سب سے بڑ ی ذمہ داری علماء کرام پر عائد ہوتی ہے
مزارات مقدسہ کے تقدس کو پامال کرنے کی کسی بھی کاروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ کی ملتان سے آئے ہوئے خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی ہر سطح پر پرزور مذمت کرتا ہے اور انسانیت کو امن، برداشت، رواداری، احترم اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مادیت کے غلبے نے روحانی و اخلاقی اقدار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

ان حالات میں معاشرے کی اصلاح کی سب سے بڑ ی ذمہ داری علماء کرام پر عائد ہوتی ہے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوں اور فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے منظم اجتماعیت میں شریک ہو کرمعاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کریں۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملتان سے آئے ہوئے خواتین کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر عائشہ بشیر، صدف اقبال اور ساجدہ صادق بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ولولہ انگیز قیادت میں پوری دنیا میں امت کے لخت لخت جسم کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ انتہا پسندانہ اور فرقہ وارانہ رویوں اور دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تجدید دین کا فریضہ انجام دے کر صدیوں کا قرض چکانے کے تاریخی کام میں مصروف عمل ہیں۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں امن کے ایسے سفیر کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی خدداد صلاحیتوں کی بدولت اسلام کے حوالے سے اسلام دشمنوں کے پھیلائے ہوئے جھوٹے پرائپگینڈے کے اثرات کو زائل کرنے کا کام انتہائی احسن طریقے سے انجام دیا۔ وفد سے ملاقات سے گفتگو کرتے ہوئے سمیرا رفاقت ایڈوکیٹ نے کراچی میں عبداللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار مبارک پر ہونے والے ہونے والے بم دھماکوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مزارات اسلاف کی نشانیاں ہیں۔ اور آئندہ مزارات مقدسہ کے تقدس کو پامال کرنے کی کسی بھی کاروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور وطن عزیز کے امن کو سبوتاژ کر کے اور عدم تحفظ شدید احساس پیدا کرکے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔ دہشت گرد عناصر اسلام اور پاکستان کو بدنام کررہے ہیں یہ ہرگز ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے کیو نکہ اسلام تو ہے ہی دین امن و سلامتی۔

حکومت ایسے سفاک عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ سمیرا رفاقت ایڈوکیٹ نے کراچی بم دھماکہ میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور ورثاء سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top