کراچی ٹارگٹ کلنگ قومی یکجہتی کیلئے زہر قاتل ہے : شیخ زاہد فیاض

امن و امان کی تشویشناک صورتحال کے تسلسل نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے
معاشرے میں پائے جانیوالے عدم برداشت کے رویوں کو کچلنے کیلئے موثر قانون سازی کی جائے

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کراچی ٹارگٹ کلنگ کی تازہ لہر جس میں دو درجن سے زیادہ افراد نشانہ بنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی یکجہتی کیلئے زہر قاتل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے رویوں کا معاشرے کو اپنی گرفت میں لینا پاکستان کی داخلی سلامتی کیلئے خطرہ ہے اس حوالے سے حکومت ٹھوس اقدامات کرے اور معاشرے میں پائے جانیوالے ان رویوں کو کچلنے کیلئے موثر قانون سازی کی جائے۔ وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر لاہور ارشاد طاہر، حفیظ اللہ جاوید، الیاس ڈوگر، شبیر دیو، حنیف قادری، میاں ممتاز اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پتوں اور ٹہنیوں کو کاٹ رہی ہے اور تنے اور جڑوں کی آبیاری کا عمل اسی طرح جاری ہے اس لئے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو رہا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دہشت گردی کے درخت کو جڑوں سے اکھاڑا جائے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کے تسلسل نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار غیر محفوظ ماحول کے باعث سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردی کی وجوہات کے خاتمے پر توجہ دے تا کہ ملکی ترقی کو دیمک کی طرح چاٹنے والی تنگ نظری اورانتہا پسندی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top