معلمین اعتماد اور اعتقاد سے انسانیت کی تعلیم و تربیت کا فریضہ سر انجام دیں : رانا ادریس

انسانیت کی خدمت اور تعلیم و تربیت انبیاء کا مشن ہے : غلام مرتضیٰ علوی
قرآن مسلمانوں کی فکری رہنمائی اور سنت مصطفی (ص) عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے : سعید رضا بغدادی
معلمین تعلیم اور کردار کی طرف توجہ دیں تو معاشر ے پر اچھے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں : محمد شریف کمالوی
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام تین روزہ کورس "آؤ دین سیکھیں" سے مقررین کا اظہار خیال

تحریک منہاج القرآن (شعبہ تربیت) کے زیراہتمام گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک روزہ تربیتی کیمپ برائے معلمین منعقد ہوا جس میں پورے پاکستان سے سینکڑوں معلمین نے شرکت کی۔ تربیتی کیمپ سے ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن غلام مرتضیٰ علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور تعلیم و تربیت انبیاء کا مشن ہے۔ انبیاء علیہم السلام کا مشن ہی انسانیت کیلئے رحمت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام دین اسلام کی بنیادی ضروریات کو جاننے کیلئے پورے پاکستان میں تین روزہ "آؤ دین سیکھیں" کورس اور ترجمۃ القرآن سیکھنے کیلئے تین ماہ پر مشتمل عرفان القرآن کورس کے اجراء کا اعلان کیا۔ انہوں نے کورسز کے بارے میں کہا کہ اس سے دین اسلام کے بارے میں بنیادی معلومات اور ترجمۃ القرآن کی صلاحیت طلبہ و طالبات میں پیدا ہو گی۔

تربیتی کیمپ سے رانا محمد ادریس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام خیر خواہی کا دین ہے۔ جو افراد دین اسلام کی اشاعت اور فروغ کیلئے جدوجہد کر تے ہیں وہ حقیقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معلمین اعتماد اور اعتقاد سے انسانیت کی تعلیم و تربیت کو عام کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والوں کو سیدھی راہ نصیب ہوتی ہے اور اعمال صالح اپنانے والوں کو اللہ تعالیٰ مغفرت سے نواز دیتے ہیں۔

معروف مذہبی سکالر سعید رضا بغدادی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معلمین کو اسلام کے بنیادی تصورات کو مسخ کرنے والوں کا محاسبہ تعلیم اور دلائل سے کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا تحریک منہاج القرآن ایسے سکالرز کی ٹیم تیار کر رہی ہے جو اسلام کے درست تصورات کو پھیلانے میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا قرآن مسلمانوں کی فکری رہنمائی اور سنت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ قرآن اور سنت کو جدا کرنے والے اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا دین اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم دنیا میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔

تربیتی کیمپ سے معروف عالم دین علامہ شریف کمالوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو عام اور سستا کرنے سے ہی معاشرہ سنور سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے طلبہ و طالبات کی تربیت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تحریک منہاج القرآن اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں جو کردار ادا کر رہی ہے یہ موجودہ دور میں بہت بڑا جہاد ہے۔ انہوں نے کہا اگر معلمین تعلیم اور کردار کی طرف توجہ دیں تو معاشرے پر اچھے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن (شعبہ تربیت) کے ناظم غلام مرتضی علوی نے پاکستان بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں معلمین کا شکریہ ادا کیا اور "آئیں دین سیکھیں" کورس کا تعارف کروایا۔ آخر میں نمایاں کارکردگی پانے والے معلمین کو تحریک منہاج القرآن (شعبہ تربیت) کی طرف سے خصوصی اسناد دی گئیں۔ تربیتی کیمپ سے لطیف مدنی، ، سید وقار حسین شاہ اور سید شاہد حسین کا ظمی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top