انٹرنیشنل اسلامک سوسائٹی ہانگ کانگ کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد کانفرنس کا انعقاد

مورخہ: 06 مارچ 2011ء

انٹرنیشنل اسلامک سوسائٹی ہانگ کانگ کے زیر اہتمام 06 مارچ 2011ء بروز اتوار کوہالی ڈے ان میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریب منعقد ہوئی جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، ایران، برونائی دارالسلام اور دیگر ممالک کے قونصل جنرل کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات نے خصوصی شرکت کی۔ نقابت کے فرائض عابد علی بیگ نے سرانجام دیئے۔

انٹرنیشنل اسلامک سوسائٹی 1976ء کو قائم ہوئی، اس کا مقصد مختلف کمیونٹی کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا۔ سوسائٹی سال میں دو بڑے پروگرام منعقد کراتی ہے جس میں ایک عید الفطر کے بعد اور دوسرا عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے منعقد ہوتا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر عالم مغرب، عرب ممالک اور ایشیاء سے بڑے بڑے نامور سکالر بلائے جاتے ہیں جو مختلف موضوعات پر خطاب کرتے ہیں۔ یہ کانفرنس چونکہ مختلف کمیونٹی کے افراد پر مشتمل ہوتی ہے اس لئے اس کی تمام کارروائی انگلش میں ہوتی ہے۔ گذشتہ سال نومبر میں جب منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری ہانگ کانگ کے دورہ پر آئے تو سوسائٹی کے عہدیداران بالخصوص صدر نے جب انہیں سنا تو بہت متاثر ہوئے۔ انٹرنیشنل اسلامک سوسائٹی کے صدر سعید الدین نے جو اتنہائی معتدل اور دین سے محبت کرنے والے ہیں نے اپنے ممبران سے باہمی مشاورت کے بعد صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی اور اس محفل میں شرکت کے لئے ہانگ کانگ پہنچے۔

محفل میلاد کا باقاعدہ آغاز مفتی محمد ارشد (چیف امام کولون مسجد) نے قرآن مجید کی تلاوت سے کیا جبکہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت کی سعادت محمد امین نے حاصل کی۔ انٹرنیشنل اسلامک سوسائٹی ہانگ کانگ کے صدر سعید الدین نے استقبالیہ کلمات ادا کئے اور کہا کہ یہ سوسائٹی بنانے کا مقصد یہ تھا کہ تمام کمیونٹیز کے مسلمان جو ہانگ کانگ میں رہائش پذیر ہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو سکیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے صاحبزادے اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کے جتنے بھی اسماء الحسنیٰ ہیں وہ دنیا میں پائے جانے والے مختلف پیشوں کی اصل ہیں یعنی تمام پیشے ان اسماء الٰہیہ کا مظہر ہیں لہذا جو بھی پیشہ اختیار کریں اگر وہ خلوص نیت کے ساتھ اور رضائے الٰہی کے لئے اختیار کیا جائے تو انسان کو اسی راستہ سے اللہ کا تعلق نصیب ہو سکتا ہے۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے احادیث کی روشنی میں علم کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ اس کے ساتھ آپ نے مرج البحرین کا فلسفہ سمجھایا کہ اگر امت مسلمہ ترقی اور عروج چاہتی ہے تو علم شریعت کے ساتھ مغربی اور سائنسی علوم حاصل کرے۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے ایک گھنٹہ کے انگلش خطاب کے بعد تمام قونصل جنرل اور دیگر مہمانوں نے صدر فیڈرل کونسل کے خطاب کو سراہا ۔ صدر انٹرنیشنل اسلامک سوسائٹی سعید الدین نے اپنی اختتامی گفتگو میں کہا کہ آج تک ایسے نکات سننے کو نہیں ملے اور اس خطاب سے فکر کے نئے زاویے دیئے گئے ہیں اور لوگوں کی سوچوں کو نیا رخ ملے گا۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کو پر تکلف ظہرانہ دیا گیا۔

رپورٹ: حافظ محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top