پشاور میں ہونیوالا بم دھماکہ ملک و قوم کی سلامتی کے خلاف گہری سازش ہے: ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 09 مارچ 2011ء

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پشاور میں ہونیوالا بم دھماکہ ملک و قوم کی سلامتی کے خلاف گہری سازش ہے، پشاور اور فیصل آباد بم دھماکوں جیسے واقعات کا تسلسل پاکستان کو غیر مستحکم کرنے، مذہبی اور سیاسی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ملک میں لسانی، علاقائی اور سیاسی بنیادوں پر فسادات کو ہوا دینے کی گھناؤنی سازش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی ہر سطح پر پُرزور مذمت کرتا ہے اور انسانیت کو امن، برداشت، رواداری، احترم اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے پشاور بم دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور وطن عزیز کے امن کو سبوتاژ کر کے اور عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کرکے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اسلام اور پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں یہ ہرگز ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے کیونکہ اسلام تو ہے ہی دین امن و سلامتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مجرموں کو گرفتار کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھائے تاکہ عوام میں عدم تحفظ کے شدید احساس کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور ایسے سفاک عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مفادات کا قیدی بن کر سو رہی ہے اور ملک کو صومالیہ، ایتھوپیا اور افغانستان بنایا جا رہا ہے۔ سیاست دانوں نے سیاسی اور ذاتی مفادات کی خاطر پوری قوم کو لقمہ اجل بنا دیا ہے۔ دہشت گردی کا مسئلہ کبھی پارلیمنٹ میں ڈسکس نہیں ہوا، دہشت گردی کا عفریت ملک کو کھا گیا، مزارات، مارکیٹیں، سرکاری ادارے، سکول اور اب تو جنازے تک بھی دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہے۔ انہوں نے کہا حکمران اس دن سے ڈریں اور وہ دن دور نہیں جب قوم گھروں سے باہر نکل آئے اور پھر کچھ نہیں بچے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے بم دھماکہ میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top