جمہوریت کا حالیہ تجربہ 3 سال بعد ناکام دکھائی دیتا ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 15 مارچ 2011ء

اراکین اسمبلی کی وفاداریوں کو خرید کر اقتدار کو بچانے پر توانائیاں خرچ کی جا رہی ہیں۔
موجودہ انتخابی نظام ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی اوکاڑہ سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کا حالیہ تجربہ 3 سال بعد ناکام دکھائی دیتا ہے۔ اس کے نتیجے میں آنے والی قیادت ملک کو در پیش چیلنجز سے نبٹنے کی اہلیت نہیں رکھتی، ایلیٹ طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام کی مشکلات سے ناواقف ہیں۔ فوجی حکمران اور موجودہ نام نہاد جمہوری طرز سیاست ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور یہ معاشی اور سیاسی بحران کے ذمہ دار ہیں۔ پاکستان قیادت کے بحران کا شکار ہے اور المیہ یہ ہے کہ جو اقتدار میں ہیں وہ لیڈر نہیں اور جو لیڈر ہیں وہ اقتدار میں نہیں۔ اس لئے عوام حقیقی لیڈر شپ کو آگے لائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے عام آدمی کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ موجودہ حکومت کو چلانے والے مراعات یافتہ طبقے کا حصہ ہیں اس لئے عوام کی مشکلات کو حل کرنا ان کی ترجیح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل 1990ء کا کھیل دوبارہ شروع ہو چکا ہے، اراکین اسمبلی کی وفاداریوں کو خرید کر اقتدار کو بچانے پر توانائیاں خرچ کی جا رہی ہیں۔ موجودہ انتخابی نظام خود ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ یہ ایسے طبقے کو اقتدار کے ایوانوں تک لے جاتا ہے جو عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے کے عزم اور اہلیت دونوں سے محروم ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کیلئے موجودہ قیادت ولولہ انگیزی اور حکمت عملی دونوں سے محروم ہے۔ کراچی میں آئے روز کی ٹارگٹ کلنگ حکومت کی کھلی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے یہ متشدد کارروائیاں پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے والے شہر کراچی کیلئے نہیں بلکہ پورے ملک کیلئے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران اور کارکنان شعوری بیداری کے عمل کو تیز تر کریں تاکہ موجودہ نظام اور اس کے محافظوں کے خلاف عوامی نفرت میں اضافہ ہو۔ 2 فیصد مراعات یافتہ طبقے کو سیاسی عمل سے باہر دھکیل کر 98 فیصد کو اقتدار منتقل کرنا ہی عوام کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top