پادریوں کا نسخہِ قرآن جلانے کا مذموم عمل انسانیت کی توہین ہے۔ فیض الرحمان درانی

مورخہ: 25 مارچ 2011ء

الوہی کتابوں، انبیاء کرام اور مقدس شخصیات کا احترام بین الاقوامی قوانین کا حصہ ہے
منفی اور مذموم ترین عمل کا جواب بھی اپنے عظیم مذہب کی زریں اقدار کے مطابق دینا چاہیے
جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمان درانی نے کہا کہ امریکی پادریوں کا نسخہِ قرآن جلانے کا مذموم عمل انسانیت کی توہین ہے ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ جنونی پادریوں کا عمل دہشت گردی کی بدترین مثال ہے اس سے بین المذاہب رواداری کیلئے کی جانے والی کوششوں کو دھچکا لگا ہے اور امن عالم کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ پادریوں کا یہ عمل انفرادی نوعیت کا ہے جسے کسی طور پر بھی مسیحی برادری سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کی مسیحی برادری نے بھی اس عمل کی مذمت کی ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں UNO اور OIC کو اس مذموم جسارت کا فوری نوٹس لے کر کارروائی کرنا چاہیے تا کہ انسانیت کو ایسے قبیح فعل کو سننے اور دیکھنے کا دوبارہ موقع نہ مل سکے۔

گذشتہ روز وہ جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پادریوں کے مذموم عمل کے خلاف قرارداد مذمت بھی منظور کی گئی۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ الوہی کتابوں، انبیاء کرام اور مقدس شخصیات کا احترام بین الاقوامی قوانین کا حصہ ہے، UNO کے چارٹر میں بھی اس حوالے سے واضح قانون موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی سورۃ مریم میں حضرت عیسیٰ  علیہ السلام اور ان کی والدہ محترمہ حضرت مریم علیہا السلام کا ذکر ہے دیگر سورتوں میں انبیائے بنی اسرائیل کی تفصیلات موجود ہیں۔ تمام الوہی کتابوں کا احترام تمام انسانیت پر واجب ہے اس لئے پادریوں کو اس مذموم عمل کی قرار واقعی سزا ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی اور محبت بانٹنے والا دین ہے اس عظیم دین کے پیروکاروں کو اسکی اعلیٰ اقدار کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ رد عمل میں آ کر چرچ جلانے کی باتیں کرنے والے اسلام کی تعلیمات سے نا واقف ہیں۔ اسلام تو جنگ کے دوران بھی پادریوں کے قتل، چرچوں اور گرجوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام پوری انسانیت کو سلامتی اور امن کادرس دیتا ہے۔ پادریوں کا یہ عمل انتہائی مذموم ہے مگر اسکے ردعمل میں ایسا فعل انجام دینا جسکی ہمارا مذہب اجازت نہیں دیتا جہالت اور نادانی کے سوا کچھ نہیں ہوسکتا۔

فیض الرحمان درانی نے کہا کہ اسلام کی حقیقی پُر امن تعلیمات کے فروغ کیلئے تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں موثر کام کر رہی ہے اور اسکے موثر اثرات بھی مرتب ہو رہے ہیں اس لئے مسلمانوں کو چاہیے کہ کسی کے منفی اور مذموم ترین عمل کا جواب بھی اپنے عظیم مذہب کی زریں اقدار کے مطابق دیں۔ انہوں نے کہا کہ الوہی کتابوں، انبیائے کرام اور مقدس شخصیات کے احترام کیلئے موجود قوانین کے احترام کو یقینی بنانے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top