منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام عظیم الشان سیرت و میلاد البنی (ص) کا انعقاد

مورخہ: 19 مارچ 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام مورخہ 19 مارچ 2011ء کو جامع مسجد میں ایک عظیم الشان سیرت و میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن برطانیہ کی ایگزیکٹو کونسل کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں آئرلینڈ کے مختلف شہروں سے خواتین و حضرات کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد خالد نے تلاوت کلام مجید سے کیا، نقابت کے فرائض علامہ عدیل اور فرخ وسیم بٹ نے ادا کئے۔ حافظ حماد، رضوان احمد طور، حافظ صابر اور آئرلینڈ کے معروف نعت خوان حافظ سید جواد حیدر شاہ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ مہمان خصوصی علامہ محمد افضل سعیدی نے عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ظاہری حیات طیبہ میں جمادات ونباتات نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دیکھتے ہی آپ کے رسول ہونے کی گواہی دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں منہاج القراان دنیا بھر کے 90 سے زائد ممالک میں سرگرم عمل ہے، یہ تحریک شب و روز اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں عالم اسلام کے اتحاد اور دین مصطفوی کے احیاء کے عظیم مشن کے لئے کوشاں ہے۔

پاکستان سے تشریف لائے مہمان سید زبیر شاہ بخاری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر مسلمان حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا پٹہ پھر سے اپنے گلے میں ڈال لیں تو ہم پھر اپنی عظمت رفتہ کا وقار حاصل کر سکتے ہیں۔

شاہد سلطان، ڈاکٹر حسام، ڈاکٹر سلیم خان، پیر غلام دستگیر، لمرک سے میاں عبدالقدیر اور مدثر آغا نے کانفرنس میں بطور خاص شرکت کی۔ مسجد انتظامیہ کی طرف سے ڈاکٹر محمد سہیل نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد افضل سعیدی نے اپنے روحانی اور علمی پیغام سے آئرلینڈ کے مسلمانوں کے ایمان کی تازگی کا جو سامان کیا ہے اس پر ان کے بے حد مشکور ہیں۔ کانفرنس کے کامیاب انتظام وانصرام پر منہاج القرآن آئرلینڈ کے تمام رفقاء واراکین بالخصوص پورٹ یش مسجد کے امام وخطیب حافظ خالد، علامہ محمد عدیل، رضوان احمد طور، آصف عظیم اور فرخ وسیم بٹ نے خصوصی تعاون کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر امت مسلمہ، پاکستان اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

کانفرنس سے قبل منہاج القرآن آئرلینڈ کی دعوت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کی ایگزیکٹو کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یو کے کے سیکرٹری سیرت علی خان کے ہمراہ ڈبلن ائیر پورٹ پہنچے تو آئرلینڈ کی پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ ڈاکٹر محمد سہیل، فرخ وسیم بٹ اور تنظیمی ذمہ داران نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top