شراکت اقتدارکے نئے فارمولے آنے سے ثابت ہو گیا کہ ملک میں نظریاتی اور اصولی سیاست کا کوئی وجود نہیں: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 01 مئی 2011ء

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ شراکت اقتدار کا نیا فارمولا آنے کے بعد ثابت ہو گیا کہ ملک میں نظریاتی اور اصولی سیاست کا کوئی وجود نہیں اور اقتدار کیلئے کچھ بھی کیا جا سکتا ہے۔ ملک میں سیاست عوام کیلئے نہیں بلکہ پارٹی اور ذاتی مفادات کیلئے ہو رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عوام سے سیاست کی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے اشتراک اقتدار نے مفاد پرستی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ایلیٹ سے آزادی حاصل کرنے کیلئے عوام کو ظالمانہ نظام کے خلاف باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ نظام جو بکاؤ پارلیمنٹ کو جنم دیتا ہے، کے خلاف ہر شخص کا اٹھنا لازم ہو گیا ہے۔ عوام جان لیں کہ ان پر سالہا سال سے حکومت کرنے والی جماعتوں کا اصل محافظ استحصالی اور منافقانہ سیاسی نظام ہے اسلئے اس کے خلاف بغاوت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر دس بارہ روز بعد پٹرولیم ڈرون سے عوام پر حملہ کر دیا جاتا ہے اور بدترین لوڈشیڈنگ کے باوجود لیسکو عوام کو ہوشرباء بل بھیج رہا ہے۔ عوام کیلئے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز کا اضافہ ہے اور مقتدر طبقے کیلئے عیش و آرام کی گنگا بہہ رہی ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اقتدار بچانے کیلئے اختیارات کی بندر بانٹ کی جا رہی ہے مقتدر طبقے کے حالیہ سیاسی گٹھ جوڑ کے بعد تو عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہیں کہ ان طبقوں کا اولین مفاد اقتدار سے چمٹے رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں منشور اور نظریات کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ہے ایسے سیاستدانوں کا وجود ملک اور قوم کیلئے شرمناک ہے جو اقتدار کیلئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top