قوم موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ آج ملک میں آئیڈیالوجی نام کی کسی چیز کا وجود نہیں: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 27 مئی 2011ء

ملک کی خود مختاری بیچ دی گئی ہے، دہشت گرد، قاتل اور غنڈے پورے ملک کو یرغمال بنا چکے ہیں
کرپشن سیاستدانوں کا یک نکاتی ایجنڈا ہے عوامی مسائل کا حل کسی کی آپشن نہیں ہے
ہم موجودہ بوسیدہ اور کرپٹ نظام کو نہیں مانتے، سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نام ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پاکستان عوامی تحریک کے 22ویں یوم تاسیس کے موقع پر کینیڈا سے ٹیلیفونک خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ نظام کو نظام کہنا جمہوریت کی توہین ہے، اسکے تحت 100 سال بھی الیکشن ہوتے رہیں تو کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئے گی۔ قوم موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ آج ملک میں آئیڈیالوجی نام کی کسی چیز کا وجود نہیں۔ مخصوص خاندانوں کی سیاسی وراثت اور کرپشن کا نام جمہوریت بنا دیا گیا ہے۔ کرپٹ لوگوں کا سیاسی کردار ختم کرنا ہو گا۔ ملک کی خود مختاری بیچ دی گئی ہے، دہشت گرد، قاتل اور غنڈے پورے ملک کو یر غمال بنا چکے ہیں۔ دفاعی اداروں پر کھلے حملے ہو رہے ہیں اور کسی کو پرواہ بھی نہیں ہے۔ کرپشن سیاستدانوں کا یک نکاتی ایجنڈا ہے عوامی مسائل کا حل کسی کی آپشن نہیں ہے۔ مذہبی، سیاسی جماعتیں نظام کی اور نظام ان کا محافظ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے 22ویں یوم تاسیس کے موقع پر کینیڈا سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسید نو بہار شاہ، علامہ علی غضنفر کراروی، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، جی ایم ملک، جواد حامد، انوار اختر ایڈووکیٹ، راجہ جمیل اجمل، افضل گجر، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، حافظ غلام فرید، چوھدری اشتیاق، ایم ایچ شاہین اور دیگر مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر باہر نکلنا ہو گا ورنہ آنیوالی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ ملک بد ترین حالات سے گزر رہا ہے اس وقت نظام کے خلاف اجتماعی سوچ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام کے خلاف عوام باہر نہ نکلے تو ملک کی سلامتی کو لا حق خطرات مزید شدید ہو جائیں گے اور اس کی ذمہ داری پوری قوم پر ہو گی۔ اب بھی وقت ہے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو سمجھ کر ملک کو بچانے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو اقتدار منتقل کرنے کی جدو جہد جاری رکھے گی۔

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے نو منتخب صدر لہراسب خان گوندل نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امت کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گا تاکہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔ معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 22سال سے پاکستان عوامی تحریک میں صرف اس لئے ہیں کہ اپنی قیادت سے ہمارا ضمیر مطمئن ہے اور وہی جماعت زندہ رہتی ہے جو اپنی قیادت کا احترام کرتی ہے۔ ہمارا منشور اور مشن عوامی شعور کی بیداری ہے۔ ہم موجودہ بوسیدہ اور کرپٹ نظام کو نہیں مانتے۔

مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے کہا کہ امانتیں اصل افراد کو سپرد کرنے کا احساس جس دن عوام میں آگیا ملک میں معاشی اور سیاسی انقلاب آجائے گا۔ عوام کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔ سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نا م ہے۔

سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری عوام کو بحران سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پارلیمنٹ سنور جائے تو ملک سنور جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ پارلیمنٹ پارٹی سربراہان کے ماتحت ہے۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر نے کہا کہ کرپشن زدہ گلے سڑے سیاسی نظام نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ منافقانہ اور دجل و فریب پر مبنی نظام کو سمندر برد کرنا ہو گا۔ اور اس کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد جاری ہے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ پاکستاں عوامی تحریک معاشرے میں خیر کے رویوں کر عام کر نے پر محنت کر رہی ہے اور اس کے ثمرات آنے والے وقت میں عوام ضرور دیکھیں گے۔ قوم مایوس نہ ہو کیونکہ ہر بحران میں ڈاکٹر طاہر القادری فکری رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

جی ایم ملک نے کہا کہ ووٹ کی طاقت کا غلط استعمال ہی پاکستان کے مسائل کی جڑ ہے۔ عوام دیانت، صلاحیت اور کردار کو ملحوظ رکھ کر پارلیمنٹ تشکیل دیں تو عوامی مسائل کیلئے قانون سازی کا عمل شروع ہو جائے گا۔

جواد حامد نے کہا کہ اقتدار کے مزے اڑانے والے لیڈر نہیں اور جو حقیقی لیڈر ہیں وہ اقتدار میں نہیں اور اس کے ذمہ دار عوام ہیں۔

ڈاکٹر تنویر اعظم سندھونے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے عوم کو حقوق دلانے کیلئے جس جدوجہد کا آغاز 22سال قبل کیا تھا وہ جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور غریب کے استحصال کا سلسلہ جلد دم توڑ دے گا شرط یہ ہے کہ استقامت سے صیح سمت میں جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top