قوموں کی بقا کا راز اسلاف کے سنہری اصولوں پرعملدر آمد کرنے میں ہے : غلام مرتضیٰ علوی

مورخہ: 17 جون 2011ء

پاکستان کا تحفظ اس کے ستونوں سے وابستہ ہے اور یہ ستون بزرگان دین اور قائدین تحریک پاکستان ہیں
ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی کا جامع المنہاج میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

اسلامی تعلیمات کا کوئی ایک جزو بھی فطرت انسانی کے خلاف نہیں ہو سکتا۔ اسلام خالق کائنات کا وہ پسندیدہ دین ہے جو انسانی ضرورتوں کے عین مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ یہ میانہ روی، اعتدال اور توازن کی تاکید کرتا ہے۔ پاکستان میں اگر اسلام صحیح معنوں میں مکمل طور پر نافذ ہو جائے تو صرف مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو بھی مکمل حقوق مل جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ 64 سالوں سے ہم اندھیروں میں ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ایک زندہ قوم نہیں بن سکے۔ قوموں کی بقا کا راز اپنے اسلاف کے سنہری اصولوں پرعملدر آمد کرنے میں ہے۔

علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا آج داخلی سطح پر ہم دست و گریباں ہیں، افرا تفری اور انتشار کا شکار ہیں۔ اگر ہم نے آپس میں تفریق کے سوالات پیدا کر کے اس عظیم الشان سلطنت کو خدانخواستہ کھو دیا تو یہ بزرگان دین کی عظمتوں سے غداری ہو گی اور برصغیر کی تاریخ سے اسلام اور مسلمان کا نام محو کرانے کے مجرم گردانے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس مملکت خدادا کا تحفظ اس کے ستونوں سے وابستہ ہے اور یہ ستون بزرگان دین اور قائدین تحریک پاکستان ہیں۔ حکمرانوں کی غفلت، نااہلی اور عدم توجہی نے پاکستان کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ حکمرانوں کے بے تحاشا اخراجات، بیورو کریسی کی عیاشیاں اور اختیارات کا ناجائز استعمال قومی خزانے پر سخت بوجھ ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top