جس شخص نے باطنی ترقی کے عمل کو جاری رکھا اس کیلئے دنیا و آخرت میں کامیابی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
بغض، عناد، غیبت اور کینہ ایسی بیماریاں ہیں جو ہمارے خرمن
ایمان کو جلا رہی ہیں
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شب برات کے
اجتماع سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شب برات کے حوالے سے عظیم الشان محفل نعت ہوئی جسمیں ممتاز نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔ صلوۃ التسبیح کی نماز جامع مسجد منہاج القرآن میں ادا کی گئی جسمیں ہزاروں مرد و خواتین نے شریک ہوئے۔ محفل ذکر کے بعد گوشہ درود کے نگران سید مشرف شاہ نے رقت آمیز دعا کرائی۔
شب برات کے بڑے اجتماع سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ کو منانے کی جدوجہد کو ہر وقت جاری رہنا چاہیے۔ آج رب کو منانے کی بجائے اسے ناراض کرنے والے اعمال کی کثرت ہے جسکی وجہ سے اللہ کی ناراضگی مختلف شکلوں میں دکھائی دیتی ہے۔ بندہ مومن ایک لمحہ بھی اللہ کی یاد سے غافل نہیں ہوتا اور وہ دنیاوی فرائض کی ادائیگی میں بھی اللہ کو نہیں بھولتا۔ انہوں نے کہا مسلمان سے مومن اور مومن سے محسن بننے کی جدوجہد ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
جس شخص نے باطنی ترقی کے عمل کو جاری رکھا اس کیلئے دنیا و آخرت میں کامیابی ہے۔ آج اللہ کی تقسیم پر ہم ایک دوسرے کی خلاف حسد کرتے ہیں۔ بغض، عناد، غیبت اور کینہ ایسی بیماریاں ہیں جو ہمارے خرمن ایمان کو جلا رہی ہیں۔ نفس، شیطان اور خواہشات کی پیروی نے ہمارا ایمان کمزور کر دیا ہے۔ روح جسم کے پنجرے میں مضمحل اور بیمار ہے اور ہم جسم کو توانا کرنے اوراسے خواہشات کا غلام بنا چکے ہیں۔ اگر ہم حقیقی سکون چاہتے ہیں تو اللہ کو منانے کیلئے راتوں کو اٹھ کر آنسو بہانے ہونگے۔ اللہ کو منانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں کیونکہ رحمٰن کو خوش کرنے کیلئے شیطان کو چھوڑنا پڑے گا۔
تبصرہ