اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سیرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں: فیض الرحمٰن درانی
قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں
علامہ فیض الرحمن درانی کا جامع منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے
خطاب
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام امن و محبت، غریب پروری، باہمی گفت و شنید اور ایک دوسرے کے معاملات کو سمجھنے، برداشت کرنے اور انسانیت کے عزت و احترام و اتحاد کا سبق دیتا ہے۔ اسلام امن کا دین ہے لیکن کچھ عناصر اس میں دہشت گردی کا شر اور فساد بپا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں لہذا آج کے دور پر فتن میں پوری دنیا اور بالخصوص 56 اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کوچاہیے کہ وہ سیرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں اور مغرب کی اندھی تقلید کی روش کو ترک کر دیں۔ علامہ فیض الرحمن درانی گزشتہ روز جامعہ منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرنا ہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کے فیض کے باعث کائنات کا وجود قائم ہے۔ تحریک منہاج القرآن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت حاصل کرنے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، رحمت اور احترام کی ضرورت ہے، یہ مثبت رویے عام ہونگے تو دائمی امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں فنا ہو جاتا ہے وہ پیکر رحمت بن جاتا ہے اور اس کے گرد دن رات لوگوں کا ہجوم نظر آتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے اپنی زندگیوں کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام رحمت سے آراستہ کریں تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن فیض الرحمن درانی نے کہا کہ معلم انسانیت آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درود و سلام بھیجنا ہے۔ درود شریف کی اثر انگیزی یہ ہے کہ یہ فتنہ و فساد کا خاتمہ کر کے امن و سلامتی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق، معاملات اور سلوک کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں تو امت کی عظمت رفتہ بحال ہو گی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں انکے دیئے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔
تبصرہ