مرکزی قائدین کے وفد کا تنظیمی دورہ سوات ڈویژن

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے ایک وفد نے 14 جولائی تا 18 جولائی 2011ء کو سوات ڈویژن کا دورہ کیا۔ دورے میں وفد کی قیادت ساجد محمود بھٹی ناظم تنظیمات نے کی۔ مشتاق علی خان سہروردی امیر تحریک خیبر پختونخواہ اور اشتیاق حنیف مغل نائب صدر MYL بھی وفد میں شامل تھے۔

قائدین کا وفد 14 جولائی 2011ء کو لاہور سے روانہ ہوا جبکہ 15 جولائی کی صبح مردان میں حضرت علامہ محمد عالم زیب سے ملاقات کی، جس میں انہیں تحریک کا تعارف کروایا گیا۔ علامہ محمد عالم زیب خان کا شمار سوات اور دیر کے علاقہ جات کے جید علماء میں ہوتا ہے۔ آپ کے سینکڑوں طلبہ فارغ التحصیل ہو کر علاقہ میں اشاعت دین کے کام میں مصروف عمل ہیں اور درجنوں طلبہ اس وقت اپنے مدارس چلا رہے ہیں۔

ملاقات کی اس مختصر نشست کے بعد علامہ محمد عالم زیب نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت پر بھر پور اعتماد کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر صوبائی امیر تحریک مشتاق علی خان سہروردی اور نائب امیر تحریک بخت زمان سے مشاورت کے بعد حضرت علامہ حضرت عالم زیب کو ضلع سوات میں تحریک منہاج القرآن کا نگران اور کوآرڈینیٹر نامزد کیا گیا۔ بعد ازاں علامہ عالم زیب بھی مرکزی وفد میں شامل ہوگئے۔

مرکزی وفد مینگورہ پہنچا جہاں نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد وفد نے منہاج القرآن ناظرہ سینٹر کی تقریب تکمیل قرآن میں شرکت کی۔ مینگورہ میں منہاج القرآن کے کام کو منظم انداز میں شروع کیے ہوئے ابھی تقریبا ایک سال کا عرصہ گزرا ہے۔ تقسیم اسناد کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ساجد محمود بھٹی ناظم تنظیمات نے علم کی اہمیت و فضلیت اور فروغ امن کے لیے اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل دہشت گردی کے ماحول اور مخصوص انداز ِ فکر سے آزادی کے بعد لوگ اب امن اور محبت کی بات سننا چاہتے ہیں۔ ساجد محمود بھٹی نے شیخ الاسلام کا تصور امن اور اسلام کی حقیقی تعلیمات پر مختصر روشنی ڈالی جس کو مقامی احباب نے بہت سراہا۔

وفد مرغزار پہنچا تو دعا خان کی قیادت میں مقامی تحریکی احباب سے ملاقات کا اہتمام کیا گیا جس میں تحریکی پالیسی اور دیگر سرگرمیوں کی بریفنگ دی گئی اور دعوتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے حوالے سے ہدایات بھی دیں گئیں۔

راستے کی خستہ ہالی کی وجہ سے انتہائی کٹھن اور دشوار گزار سفر طے کرنے کے بعد وفد رات 12:00 بجے کالام پہنچا۔ جہاں مقامی تنظیمی احباب مرکزی وفد کا انتظار کر رہے تھے۔ رات اوشو کے مقام پر وفد کی رہائش کا بندوبست کیا گیا تھا۔

اگلے دن صبح کالام بازار میں تحریک منہاج القرآن کے دفتر کی افتتاحی تقریب ہوئی۔ جس کے بعد مقامی احباب کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں حاجی عنایت اللہ صدر تحریک منہاج القرآن اور محمد خالد خان ناظم نے اپنی کار کاردگی رپورٹ پیش کی۔ مشتاق علی خان امیر تحریک خیبر پختونخواہ اور علامہ محمد عالم زیب نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر تحریک کی تنظیم نو کی گئی۔ جس میں تحریک کی تنظیم کے علاوہ یوتھ لیگ اور MSM کی باڈی بھی شامل تھی۔

دورے کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top