شہر اعتکاف کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں: جواد حامد

مورخہ: 15 اگست 2011ء

معتکفین کو سہولیات بہم پہنچانے کیلئے 50 سے زائد کمیٹیوں کی تشکیل
جواد حامد کی جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شہر اعتکاف 2011ء کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو

جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شہر اعتکاف کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں۔ ملک بھر سے ہزاروں مر د و خواتین نے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کرائی جبکہ خواتین کیلئے علیحدہ اعتکاف گاہ ہو گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بیرون ملک سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے براہ راست روزانہ نماز فجر کے بعد درس قرآن و تصوف دیں گے جسے منہاج ڈاٹ ٹی وی (www.minhaj.tv) کے ذریعے پوری دنیا میں براہ راست نشر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار شہر اعتکاف 2011ء کے سیکرٹری جواد حامد نے جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ امسال گرمی اور ممکنہ بارشوں کے تناظر میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور معتکفین کو سہولیات بہم پہنچانے کیلئے 50 سے زائد کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں۔ سحری و افطاری کی بر وقت ترسیل کا انتظام مزید بہتر طریقے سے کر لیا گیا ہے۔ پورے ملک میں معتکفین کی رجسٹریشن کے دو فیز مکمل ہو گئے ہیں۔ کل (بدھ) رجسٹریشن کا آخری فیز مکمل ہوجائے گا۔ تحریک منہاج القرآن لاہور، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 1000 نوجوان شہر اعتکاف کی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

جواد حامد نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا شہر اعتکاف پوری دنیا میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف میں تربیت کا مختصر کورس ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ کردار سازی کا عمل معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کا باعث بن سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top