شہر اعتکاف 2011ء مکمل، رقت آمیز دعا

مورخہ: 30 اگست 2011ء

تحریک منہاج القرآن کا شہر اعتکاف 30 اگست 2011ء کو عید کا چاند نظر آنے پر مکمل ہو گیا۔ شہر اعتکاف میں شریک ہزاروں معتکفین و معتکفات نے عید الفطر کا چاند نظر آنے کے باقاعدہ اعلان کے بعد ایک دوسرے کو مبارکبادیں پیش کیں۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بھی تمام شرکاء کو اعتکاف مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ اختتامی نشست میں آپ نے لندن سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس دعا کرائی۔ جس میں رقت انگیز مناظر تھے۔ بغداد ٹاون (ٹاؤن شپ) جامع المنہاج میں ہزاروں معتکفین آہووں اور سسکیوں کے ساتھ اختتامی دعا میں شریک تھے۔ اعتکاف ختم ہونے پر تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض سمیت دیگر مرکزی قائدین نے معتکفین کو الوداع کیا۔ الوداعی موقع پر شرکاء ایک دوسرے سے گلے بھی ملے۔

تحریک منہاج القرآن کے شہراعتکاف 2011ء دو سال بعد منعقد ہوا۔ گزشتہ سال ملک میں تاریخ کا بدترین سیلاب آنے کی وجہ سے متاثرین کی مدد کے لیے اعتکاف کو ہنگامی طور پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس سال اعتکاف میں گزشتہ سالوں کی طرح ہزار ہا لوگ شریک ہوئے۔ جن میں ہزاروں خواتین بھی شامل تھیں۔ جو منہاج کالج برائے خواتین میں معتکف تھیں۔ شہر اعتکاف میں روزانہ نماز فجر اور رات کو تراویح کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تصوف کے موضوع پر دروس ہوئے۔ 9 روزہ دروس میں شیخ الاسلام نے تصوف کے مختلف پہلووں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

شیخ الاسلام کے دروس کے علاوہ شہر اعتکاف میں طاق راتوں میں محافل ذکر و نعت کا بھی اہتمام کیا جاتا رہا۔ 23 ویں شب کو محفل قرات، 25 ویں شب کو محفل نعت کے ساتھ ساتھ تمام طاق راتوں میں شب بیداریوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس سال "آغوش" کی نئی تیار کردہ 5 منزلہ عمارت کو معتکفین کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ملکی حالات کے پیش نظر سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات تھے۔

شہر اعتکاف میں جمعۃ الوداع اور ستائیسویں شب لیلۃ القدر کے عالمی روحانی اجتماع میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ شہر اعتکاف کی روزانہ کی کارروائی www.Minhaj.tv کے ذریعے براہ راست پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ ستائیسویں شب کا عالمی روحانی اجتماع اے آر وائی کیو ٹی وی اور سٹی فورٹی ٹو پر براہ راست پیش کیا گیا اور دیگر نجی ٹی وی چینلز جیو ٹی وی، دنیا ٹی وی، سماء ٹی وی وغیرہ نے روحانی اجتماع کی اختتامی دعا نشر کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی کوریج بھی کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف کے کامیاب انعقاد پر منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، کارکنان، تنظیمات اور تمام انتظامیہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top