منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سندھ کے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کے کاموں کا آغاز کر دیا

پہلے مرحلے میں میر پور خاص، ڈگری اور گلارچی بدین میں خیمہ بستیاں لگائی جا رہی ہیں
لاہور سمیت پورے ملک میں متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے فنڈز کولیکشن کیمپس لگائے جا رہے ہیں
ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری کی امدادی ٹرکوں کی روانگی کے موقع پر گفتگو

گذشتہ دو ہفتوں سے سندھ، بلوچستان پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے کئی علاقے شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں۔ صوبہ سندھ ان بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں، بھوک اور امراض سے درجنوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سیلابی بارشوں سے متاثرہ افراد اور خاندانوں نے سڑکوں پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سندھ کے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے مرکزی سیکرٹریٹ سے امدادی ٹرکوں کی سندھ روانگی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میرپور خاص، ڈگری اور گلارچی بدین میں خیمہ بستیاں لگائی جا رہی ہیں، جہاں بے گھر لوگوں کو عارضی رہائش دی جائے گی اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اُن کے کھانے پینے اور طبی سہولیات کا انتظام بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے لاہور سمیت پورے ملک کی تنظیمات کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ وہ متاثرین سیلاب کے لیے فنڈ ز کولیکشن کیمپس لگائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ راشن، ادویات اور فنڈز اکھٹے کر کے متاثرین سیلاب کو بھجوائے جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پہلے مرحلے میں صوبہ سندھ میں ٹرکوں کے ذریعے خیمہ بستیوں کا سامان اور راشن بھجوایا جا رہا ہے۔

افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ ملکی انتظامیہ، پاک فوج اور پاک بحریہ لوگوں کی امداد کر رہی ہیں لیکن یہ امداد متاثرہ افراد کی تعداد کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین سیلاب کی دل کھول کر امدا کریں۔ ساری قوم کو ایک بار پھر اسی ایثار اور جذبے کا مظاہرہ کرنا ہو گا جو انہوں نے 2010ء کے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے کیا تھا۔

امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر قاضی فیض الاسلام، قاضی محمود الاسلام، محمد افضال غوث، احمد معین اور دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top