اسلام کو اندرونی اور بیرونی دونوں دشمنوں کا سامنا ہے: سید فرحت حسین شاہ

امت مسلمہ باہمی انتشار اور گروہ بندیوں کا شکار ہے
مرکزی ناظم علماء کونسل کی علماء کرام کے وفد سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے وزٹ پر آئے ہوئے راولپنڈی کے علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت کی زبوں حالی پر ہر مسلمان پریشان اور دل گرفتہ ہے۔ امت مسلمہ کا یہ زوال امت کے باہمی انتشار و افتراق کا شکار ہونے اور عالمی سطح پر صالح و باکردار قیادت سے محرومی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت کے زوال کو عروج میں بدلنے کیلئے مؤثر کاوش نہیں ہورہی اور امت بھی باہمی انتشار اور گروہ بندیوں کا شکار ہے۔ جس کی بناء پر اغیار کو مسلمانوں پر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے الزامات لگانے کی جرات ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اغیار سے تو خیر کی توقع رکھنا فضول تھی ہی مگر دکھ کی بات یہ ہے کہ آج کے نام نہاد مسلمان بھی روشن خیالی کے نام پر اسلام کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ فحاشی، عریانی اور بے حیائی کو فروغ دے کر دین کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام کو اندرونی اور بیرونی دونوں دشمنوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے ہر موقع پر امت کی رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیاہے۔ باہمی فرقہ بندی، تفرقہ پروری اور تنگ نظری سے بالاتر ہوکر امت کے اتحاد اور اتفاق کی کو شش کرنا موجودہ دور کی ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیاکہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں دین کی سربلندی کیلئے صرف کریں تاکہ امت زبوں حالی کی کیفیت سے نکل سکے۔ اس موقع پر علامہ محمد حسین آزاد، علامہ میر محمد آصف اکبر، مولانا محمد عثمان سیالوی اور علامہ ممتاز صدیقی بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top