31 برس قبل قائم ہونیوالی تحریک منہاج القرآن آج عالم اسلام کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے
حقیقی اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
کی فکر کروڑوں مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے
تحریک منہاج القرآن کے 31 ویں یوم تاسیس پر قائدین تحریک کے خطابات
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ تجدید و احیائے دین کیلئے تحریک منہاج القرآن دنیا کے پانچوں براعظموں میں ایک باوقار اور مؤثر وجود رکھتی ہے۔ حقیقی اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر کروڑوں مسلمانوں کیلئے مشعل راہ بن چکی ہے۔ آج سے 31 برس قبل انہوں نے جس تحریک کی بنیاد رکھی تھی وہ بلاشبہ تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے آج دنیا کی سب سے بڑی تحریک ہے۔ دین مبین کے حوالے سے جب بھی منفی پراپیگنڈے کے ذریعے فضا خراب کرنے کی مذموم کوششیں ہوئیں، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآن و سنت کے قوی دلائل کے ساتھ ایسے فتنوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا۔ تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف انہوں نے تاریخی فتوی کے ذریعے فکری و عملی رہنمائی دے کر پوری دنیا کو بتادیا کہ اسلام امن و سلامتی اور محبت کا دین ہے، یہ پوری انسانیت کو امن عطا کرتا ہے اسکے ساتھ انتہا پسندانہ رویوں کو منسوب کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
تحریک منہاج القرآن کے تحت ویمبلے ایرینا لندن میں ہونیوالی امن برائے انسانیت کانفرنس عالم اسلام کی ایسی نمائندہ کانفرنس تھی جس میں دیگر مذاہب کے رہنماؤں اور پیروکاروں نے شرکت کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کا عہد کیا اور 24 نکاتی متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ یہ کانفرنس پوری دنیا کے امن پسند لوگوں کا تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات پر اظہار اعتماد تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے 31 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالی ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، احمد نواز انجم، انوار اختر ایڈووکیٹ، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، ساجد محمود بھٹی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔
اجتماع میں ملک بھر سے تحریک منہاج القرآن کے تحصیلی و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ کردار کے پیکر بن کر موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں، ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب وطن عزیز سے استحصال اور ظلم کا خاتمہ ہو جائے گا۔ سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دین کے حوالے سے شرپسندوں نے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی شیخ الاسلام نے امت کو رہنمائی دینے کا حق ادا کر دیا۔ تحریک منہاج القرآن نے اللہ، قرآن اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے کمزور ہو جانے والے تعلق کو بحال کرنے کیلئے انتہائی مؤثر اور نتیجہ خیز کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے سکالرز پوری دنیا میں دین مبین کے سفیر بن کر اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانے میں کلیدی کرادار ادا کر رہے ہیں۔ مادیت اور فتنہ کے اس دور میں تحریک منہاج القرآن نے اسلاف کی تعلیمات کے فروغ میں جدید سائنسی ڈیوائسز کا بھر پور استعمال کیا ہے۔
انہوں نے کہ اکہ اسلام کے چھ ہزار موضوعات پر شیخ الاسلام کے ہزاروں خطابات امت کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ شیخ الاسلام نے 31 سال کے مختصر عرصہ میں امت مسلمہ کو کتابوں اور CD's کے ذریعے ایسا علمی خزانہ عطا کردیا ہے جو آنے والی کئی صدیوں تک آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔
نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی، درجنو ں کالجز اور 603 سکولز کے قیام کے ذریعے شیخ الاسلام نے علمی انقلاب بپا کر دیا ہے۔ ان اداروں میں پڑھنے والے لاکھوں طلبہ معاشرے میں مثبت قدروں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔
انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم اس ملک میں ظلم اور استحصال کے ظالمانہ نظام کے خاتمہ پر منتج ہو گی۔
تبصرہ