منہاج القرآن شرقپور شریف کے زیراہتمام 49 واں ماہانہ درس عرفان القرآن

تحریک منہاج القرآن تحصیل شرقپور شریف کے زیراہتمام شہادت امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں 49 واں ماہانہ درس عرفان القرآن 6 دسمبر 2011ء کو منعقد ہوا۔ یوم عاشور 10 محرم الحرام کو پروگرام کا انعقاد نور محل شادی ہال شرقپور شریف میں ہوا جہاں شرقپور شریف اور گردونواح سے سینکڑوں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ پروگرام میں حاجی محمد الیاس قادری مہمان خصوصی تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت علاقہ کے نامور قاری الشیخ قاری محمد ظفر اقبال زین العابدین الازہری نے حاصل کی۔ محمد حسن مدنی اور میاں محمد صہیب سچیار نوشاہی نے نعتیہ کلام اور منقبت پیش کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض رانا محمد عثمان غنی نے سرانجام دئیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بحضور سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا اور امام عالی مقام علیہ السلام پر سلام بھی پیش کیا۔

مرکزی ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن علامہ ڈاکٹر غلام مرتضی علوی نے شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے مولا علی شیر خدا کے گھرانے کی اسلام کے لیے دی جانے قربانیوں کو تفصیل سے بیان کیا جس کو حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے رفقاء کار کے ساتھ کربلا میں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اوج کمال تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن اور حسین سلام علیھم کے گھرانے اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے دین محمدی کو قیامت تک کے لیے تابندگی عطاء کردی۔ اسلام ان کے نام سے پہچانا جاتا رہے گا۔ حق کی آواز جہاں بھی اٹھے گی تو اس میں حسینی یاد تازہ ہوگی۔

آخر میں تحریک منہاج القرآن کا بیداری شعور کا پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام آج کے دور کا یزید ہے، جس کے خلاف بغاوت اسوہ حسینی پر عمل پیرہ ہوتے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرنا پڑے تو گریز ناکیا جائے۔

خطاب کے بعد پروگرام میں چوہدری محمد رفیع رضا قادری، صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل شرقپور شریف نے شرکاء کو تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دی۔ آخر میں حافظ روف نعیم اور رانا محمد عثمان غنی نے سلام بحضور امام عالی مقام پیش کیا اور علامہ ڈاکٹر غلام مرتضی علوی نے دعا کروائی۔ پروگرام کے اختتام پر نور محل شادی ہال انتظامیہ کی طرف سے لنگر پیش کیا گیا۔

اختر علی ملک، ملک اقبال حسین، آصف علی قادری، امجد پرویز ملک، محمد فاروق اور سرمد عارف پروگرام کی انتظامیہ میں شامل تھے۔

رپورٹ: امجد پرویز ملک (ناظم دعوت، تحریک منہاج القرآن تحصیل شرقپور شریف

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top